بنگلہ دیش جلد 6000 روہنگیا پناہ گزینوں کو میانمار بھیجے گا

بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ’’بنگلہ دیش نے خلیج بنگال میں ایک جزیرے کی ترقی کی ہے۔وہاں پر مضبوط آدھار کیمپ بنائے گئے ہیں جہاں پر روہنگیا پناہ گزینوں کو رکھا جاسکتا ہے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ڈھاکہ: بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ عبدالحسن محمود علی نے کہا ہے کہ چھ ہزار روہنگیا پناہ گزینوں کا پہلا گروپ جلد ہی واپس میانمار بھیجا جائےگا۔

انہوں نے کہا بنگلہ دیش کے کوکس بازار ضلع میں پناہ گزین کیمپوں میں رہنے والے ان لوگوں کی تعداد بڑھ کر 10.2لاکھ سے زیادہ ہوچکی ہے۔جس کی وجہ سے بنگلہ دیش نے میانمار پر روہنگیا پناہ گزینوں کو واپس لینے کےلئے دباؤبڑھانے کی کوشش کی ہے۔اس کےلئے ہندوستان اور اقوام متحدہ کی مدد سے میانمار پر سفارتی دباؤ بنایا جارہا ہے کہ وہ ان پناہ گزینوں کو واپس بلائے جو بنگلہ دیش میں پناہ لئے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا،’’روہنگیا پناہ گزینوں کی واپسی کےلئے ہندوستان نے میانمار کی ریاست رخائن میں تقریباً 250گھربنوائے ہیں اور وہیں چین نے ایک ہزار گھر بنانے کا وعدہ کیا ہے۔ابھی حال ہی میں روہنگیا پناہ گزینوں کی جلا وطنی کےسلسلے میں ہندوستان،بنگلہ دیش اور چین کے درمیان ایک مشترکہ میٹنگ کا انعقاد کیاگیا تھا۔اس میٹنگ میں میانمار کے لئے تعینات اقوام متحدہ کے خصوسی سفیر سمیت اقوام متحدہ کے جنرل سکریٹری نے بھی حصہ لیا۔اس میٹنگ کا مقصد روہنگیاؤں کی اپنے ملک واپسی کو ممکن بنانا تھا۔

بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ نے کہا،’’بنگلہ دیش نے خلیج بنگال میں ایک جزیرے کی ترقی کی ہے۔وہاں پر مضبوط آدھار کیمپ بنائے گئے ہیں جہاں پر روہنگیا پناہ گزینوں کو رکھا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا نے ہماری وزیراعظم شیخ حسینہ کے اس قدم کی ستائش کی ہے،جنہوں نے انسانیت کی بنیاد پر روہنگیا لوگوں کو اپنے ملک میں پناہ دینے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا لیکن یہ کارروائی عارضی ہے اور اس مسئلے کا مستقل حل صرف انہیں واپس ان کے ملک بھیجنے میں ہی ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔