سری لنکا: 200 مسلمان مبلغین کو کیا ملک بدر

ایسٹر بم حملوں کے بعد سری لنکا کی حکومت نے اپنے ملک میں موجود 6 سو غیر ملکیوں کو نکال دیا ہے اور ان میں تقریباً 2 سو مسلمان مبلغین بھی شامل ہیں۔

سری لنکا
سری لنکا
user

ڈی. ڈبلیو

سری لنکا کے وزیر داخلہ وجیرا ابے وردھنا کا نیوز ایجنسی اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ تمام مذہبی مبلغین ملک میں قانونی طور پر داخل ہوئے تھے لیکن سیکورٹی وجوہات کی بنیاد پر جاری کریک ڈاؤن میں پتا چلا کہ یہ ویزہ کی مدت سے زیادہ قیام کیے ہوئے تھے۔ وزیر داخلہ کے مطابق انہیں جرمانے بھی کیے گئے ہیں اور ملک بدر بھی کر دیا گیا ہے۔

ابے وردھنا کا مزید کہنا تھا، ’’ملک کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے ہم نے ویزا سسٹم کا دوبارہ جائزہ لیا ہے اور مذہبی علماء کے لیے ویزا پالیسی سخت بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید بتایا کہ ’’جن افراد کو ملک بدر کیا گیا ہے، ان میں سے تقریباﹰ دو سو مسلمان مبلغین تھے۔‘‘


سری لنکا میں ہونے والے ایسٹر بم حملوں میں 257 افراد ہلاک اور تقریباﹰ پانچ سو زخمی ہو گئے تھے۔ ان حملوں کا منصوبہ ساز ایک مقامی مبلغ تھا، جس نے جہادیوں سے رابطے کرنے کے لیے بھارت کے متعدد دورے کیے تھے۔

سری لنکا کے وزیر داخلہ نے ملک بدر کیے جانے والوں کی شہریت کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا لیکن پولس حکام کے مطابق ایسٹر بم حملوں کی وجہ سے، جو غیرملکی ویزے کی مدت ختم ہونے کے باوجود بھی ملک میں موجود تھے، ان میں سے زیادہ تر کا تعلق بنگلہ دیش، بھارت، مالدیپ اور پاکستان سے تھا۔


ملک میں موجود غیرملکی مبلغین کے حوالے سے سری لنکا کے وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا، ’’کئی مذہبی ادارے ایسے ہیں، جہاں محدود غیرملکی مبلغین کئی عشروں سے آ رہے ہیں، ہمیں ان کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں ہے لیکن کچھ ادارے ایسے ہیں، جہاں حالیہ برسوں میں بہت زیادہ غیر ملکی مبلغین پہنچے ہیں۔ ہم ان پر اب زیادہ توجہ دیں گے۔‘‘

سری لنکا کے اس وزیر کے مطابق یہ خدشہ اب بھی موجود ہے کہ غیرملکی مبلغین مقامی نوجوانوں کو انتہاپسندی کی تعلیم دیتے ہوئے اکیس اپریل جیسے خودکُش حملے دوبارہ کروا سکتے ہیں اور اسی وجہ سے حکومت ملک کی ویزا پالیسی پر نظرثانی کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔


ایسٹر بم حملوں کے بعد سے سری لنکا میں ایمرجنسی نافذ ہے اور سیکورٹی اداروں کو مشتبہ افراد کو طویل عرصے تک گرفتار کرنے کے خصوصی اختیارات دیئے گئے ہیں۔ داعش کے انتہا پسندانہ نظریات پر مشتمل مواد اور دھماکا خیز ڈیوائسز کی تلاش میں گھر گھر تلاشی کا سلسلہ جاری ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔