فوج عوام کے ساتھ کھڑی رہے گی، بنگلہ دیش کے آرمی چیف کا اعلان
بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ کے وزارت عظمیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دینے اور پی ایم ہاؤس میں مظاہرین کے داخل ہونے کے درمیان ملک کے آرمی چیف نے کہا ہے کہ فوج عوام کے اعتماد کی علامت ہے، جو عوام کے ساتھ کھڑی ہے
ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ کے وزارت عظمیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دینے اور پی ایم ہاؤس میں مظاہرین کے داخل ہونے کے درمیان ملک کے آرمی چیف جنرل وقار الزماں نے کہا ہے کہ فوج عوام کے اعتماد کی علامت ہے، جو عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔ بنگلہ دیش کے سرکاری خبررساں ادارے بنگلہ دیش سنگباد سنگستھا (بی ایس ایس) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل وقار الزماں نے آرمی ہیڈ کوارٹر میں فوجی افسران سے خطاب کیا۔
بنگلہ دیشی آرمی چیف نے ملک میں جاری موجودہ صورتحال کے پیش نظر سیکورٹی کے معاملے فوجی افسران کو ہدایات دیں اور اس دوران انہوں نے مختلف سوالات کے جوابات بھی دیے۔
جنرل وقار الزماں نے ہر صورت میں عوام کے جان و مال سمیت اہم ریاستی اداروں کے تحفظ کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش کی فوج ملک کے عوام کے اعتماد کی علامت ہے، فوج ریاست کی خاطر ہمیشہ عوام کے ساتھ ہے اور رہے گی۔ انہوں نے فوجی افسران کو ہدایت دی کہ وہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی مختلف افواہوں سے باخبر رہیں۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں جاری حکومت مخالف مظاہروں میں جھڑپوں کے دوران مرنے والوں کی مجموعی تعداد کم از کم 300 ہو گئی ہے۔ گزشتہ روز بنگلہ دیش میں طلبہ گروپ کی جانب سے سول نافرمانی کی تحریک کا آغاز کر دیا گیا تھا جس کے پہلے ہی روز پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں 91 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد ملک بھر میں کرفیو نافذ کر دیا گیا تھا۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق شیخ حسینہ جو بنگلہ دیش سے استعفی دینے کے بعد ملک سے روانہ ہو گئی تھیں، وہ ہندوستان پہنچ چکی ہیں۔ ذرائع کے مطابق شیخ حسینہ کے طیارے نے غازی آباد کے ہندن ایئر بیس پر شام تقریباً 5.30 بجے لینڈنگ کی۔ فضائیہ کے اعلیٰ حکام نے شیخ حسینہ کا استقبال کیا۔
(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔