لبنان پر اسرائیل کا ایک اور شدید حملہ، حزب اللہ کے میڈیا سربراہ سمیت 11 کی موت، 48 زخمی
آئی ڈی ایف نے حزب اللہ کے میڈیا سربراہ محمد عفیف کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔ وسطی بیروت میں شامی بعث پارٹی کے صدر دفتر پر آئی ڈی ایف حملے کی زد میں آنے سے عفیف جاں بحق ہوئے۔
حزب اللہ کے ٹھکانوں پر اسرائیل کے حملے لگاتار جاری ہیں۔ روزانہ کی کارروائی میں لبنان کو بھاری نقصان پہنچایا جا رہا۔ اس دوران راجدھانی بیروت میں اسرائیل نے ایک بار پھر شدید حملہ کیا ہے۔ اس میں 11 افراد ہلاک اور 48 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ حملے میں حزب اللہ کے میڈیا سربراہ محمد عفیف کے جاں بحق ہونے کی بھی خبر ہے۔ لبنان کی وزارت صحت کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ طائر ضلع کے ایک گاؤں میں دشمنوں کے حملے میں 11 لوگ مارے گئے ہیں۔
ٹائمز آف اسرائیل کی ایک رپورٹ کے مطابق لبنان کی راجدھانی بیروت میں اتوار کو ایک حملے میں حزب اللہ کے میڈیا سربراہ محمد عفیف کی موت ہو گئی۔ حزب اللہ نے بھی محمد عفیف کی موت کی تصدیق کی ہے۔ عفیف وسطی بیروت میں شامی بعث پارٹی کے صدر دفتر پر آئی ڈی ایف حملے کی زد میں آنے سے جاں بحق ہوئے۔ اسرائیلی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) نے حزب اللہ کے میڈیا سربراہ کے ہلاک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ عفیف نے حزب اللہ کے لیے کئی پریس کانفرنس کی۔ اس میں اسرائیلی بمباری کے بارے میں جانکاری دی گئی۔
بتایا جاتا ہے کہ عفیف نے مسلح گروپ کے لیے ٹاپ میڈیا ریلیشن افسر کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالنے سے پہلے کئی برسوں تک المنار ٹیلی ویژن اسٹیشن کا انتظامی کام دیکھا۔ رپورٹ کے مطابق عفیف نے حال ہی میں صحافیوں کو دیے گئے اپنے بیان میں کہا تھا کہ حزب اللہ کے پاس اسرائیل کے خلاف جنگ لڑنے کے لیے وافر اسلحہ موجود ہیں۔
وہیں دوسری طرف اسرائیل کے وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو کے گھر پر فلیئرس پھینکنے کے الزام میں 3 مشتبہ لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ہفتہ کی رات قیصریا میں نیتن یاہو کی نجی رہائش پر دو فلیئرس پھینکے گئے تھے جو گھر کے آنگن میں گرے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔