افغانستان کے دارالحکومت کابل میں واقع پاکستانی سفارت خانے پر حملہ
رپورٹ کے مطابق کابل میں پاکستانی سفارت خانے کے کمپاؤنڈ پر حملہ ہوا، جس میں مشن کے سربراہ عبید الرحمٰن نظامانی کو نشانہ بنایا گیا، تاہم وہ محفوظ ہیں جبکہ ایک سیکورٹی گارڈ شدید زخمی ہو گیا
کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پاکستانی کے سفارت خانے پر حملہ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق کابل میں پاکستانی سفارت خانے کے کمپاؤنڈ پر حملہ ہوا، جس میں مشن کے سربراہ عبید الرحمٰن نظامانی کو نشانہ بنایا گیا۔ تاہم وہ محفوظ ہیں جبکہ ایک سیکورٹی گارڈ شدید زخمی ہو گیا۔
بیان میں بتایا گیا کہ مشن کے سربراہ محفوظ ہیں، تاہم ایک پاکستانی سیکورٹی گارڈ سپاہی اسرار محمد ناظم الامور کی حفاظت کرتے ہوئے شدید زخمی ہیں۔ حکومت پاکستان کی جانب سے کابل میں سفارت خانے پر حملے اور ناظم الامور کو نشانہ بنانے کی کوشش کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
افغان حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ افغانستان میں عبوری حکومت فوری طور پر حملے کی جامع تحقیقات کرکے مجرموں کو گرفتار کرے اور ان کے خلاف کارروائی کرے۔ دفترخارجہ نے بتایا کہ افغانستان میں پاکستانی سفارتی عملے کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔
کابل پولیس کے ترجمان خالد زدران کا کہنا تھا کہ سیکورٹی فورسز واقعے کا علم ہوتے ہی سفارت خانے پہنچے اور فائرنگ کا خاتمہ کر دیا اور ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزم سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے تاہم تفصیلات بعد میں جاری کردی جائیں گی۔ افغان وزارت خارجہ نے واقعے کی مذمت کی اور دفترخارجہ کے ترجمان عبدالقاہر بلخی نے بیان میں کہا کہ سیکورٹی ادارے واقعے کی سنجیدگی سے تفتیش کریں گے اور ملوث افراد کو سزا دی جائے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔