تائیوان میں 7.4 شدت کا زلزلہ، سونامی کی وارننگ جاری
زلزلے کا مرکز تائیوان کے ہوالیان شہر سے 18 کلومیٹر (11 میل) جنوب میں 34.8 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ جاپان کی موسمیاتی ایجنسی نے زلزلے کی شدت 7.5 بتائی ہے
تائیوان کے مشرقی حصے میں شدید زلزلہ آیا ہے، جس کے بعد جنوبی جاپان کے بعض علاقوں میں سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی۔ ریاستہائے متحدہ کے جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) نے کہا کہ زلزلے کی شدت 7.4 تھی، اس کا مرکز تائیوان کے ہوالیان شہر سے 18 کلومیٹر (11 میل) جنوب میں 34.8 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ جاپان کی موسمیاتی ایجنسی نے زلزلے کی شدت 7.5 بتائی ہے۔
تائیوان میں آنے والا زلزلہ اتنا شدید تھا کہ اس نے جاپان کے جنوبی جزیروں کو بری طرح ہلا کر رکھ دیا اور وہاں تباہی مچا دی۔ یہاں کئی عمارتیں منہدم ہو گئیں۔ تاہم متاثرہ افراد کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ این ایچ کے م؎کے مطابق اوکیناوا کے جنوبی پریفیکچر کے قریب ساحلی علاقوں کے لیے سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی۔
خیال رہے کہ تائیوان میں ستمبر 1999 میں 7.6 شدت کا زلزلہ آیا تھا اور جزیرے کی تاریخ کی سب سے مہلک قدرتی آفت میں تقریباً 2400 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ جاپان میں ہر سال تقریباً 1500 زلزلے محسوس کیے جاتے ہیں۔ جاپان اور تائیوان عام طور پر خاص تعمیراتی تکنیکوں اور سخت عمارتی ضوابط کی وجہ سے بڑے زلزلوں سے کم نقصان اٹھاتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ جاپان نے ضرورت پڑنے پر لوگوں کو الرٹ کرنے اور وہاں سے نکالنے کی ٹیکنالوجی بھی تیار کی ہے۔
جاپان کا اب تک کا سب سے بڑا زلزلہ مارچ 2011 میں ملک کے شمال مشرقی ساحل پر آیا تھا، جس سے سونامی آئی تھی اور تقریباً 18,500 افراد ہلاک یا لاپتہ ہو گئے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔