نیپال کے کھٹمنڈو میں ٹیک آف کے دوران طیارہ حادثہ کا شکار، متعدد افراد ہلاک
نیپال کی راجدھانی کھٹمنڈو میں ایک طیارہ ٹیک آف کے دوران حادثہ کا شکار ہو گیا۔ اس طیارے میں 19 افراد سوار تھے، جس میں سے 5 لوگوں کی موت ہو چکی ہے، جبکہ کئی لوگ زخمی ہوئے ہیں
کھٹمنڈو: نیپال کی راجدھانی کھٹمنڈو میں ایک طیارہ ٹیک آف کے دوران حادثہ کا شکار ہو گیا۔ اس طیارے میں 19 افراد سوار تھے، جس میں سے 5 لوگوں کی موت ہو چکی ہے، جبکہ کئی لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ ریسکیو ٹیم نے پانچوں مسافروں کی لاشیں نکال لی ہیں جبکہ کیپٹن شاکیہ کو علاج کے لیے لے جایا گیا ہے۔ کھٹمنڈو پوسٹ کے مطابق بدھ کو کھٹمنڈو کے تری بھون بین الاقوامی ہوائی اڈے پر سوریہ ایئر لائن کا طیارہ ٹیک آف کے دوران حادثہ کا شکار ہوا۔
ٹی آئی اے کے ترجمان پریم ناتھ ٹھاکر نے کہا کہ پرواز کے عملے سمیت 19 افراد پوکھرا جانے والی پرواز میں سوار تھے۔ طیارہ 11 بجے کے قریب حادثہ کا شکار ہوا۔ پولیس اور فائر ڈیپارٹمنٹ کے اہلکار جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں کر رہے ہیں۔ حادثے کے بعد پورے علاقے میں دھواں ہی دھواں نظر آ رہا تھا۔
طیارہ حادثہ ہوتے ہی اس میں بیٹھے مسافروں میں چیخ و پکار مچ گئی۔ کھٹمنڈو پوسٹ نے ایئرپورٹ ذرائع کے حوالے سے لکھا ہے کہ طیارہ ٹیک آف کے دوران رن وے سے پھسل گیا تھا، جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔ اسی دوران حادثے کے بعد طیارے میں آگ لگ گئی اور آسمان پر دھویں کے بڑے بادل چھا گئے۔ حادثے کی وجہ سے طیارے میں لگنے والی آگ کو فائر فائٹرز اور سیکورٹی اہلکاروں کی ٹیم نے بجھایا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی حکومت نے راحت اور بچاؤ کاموں کے لیے فوج کے جوانوں کو موقع پر روانہ کیا۔ طبی اور فوج کے جوانوں کی ٹیمیں امدادی کاموں میں مصروف تھیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔