نیپال میں لینڈ سلائیڈنگ سے 2 بسیں دریا میں بہہ گئیں، 60 سے زائد مسافر لاپتہ، ریسکیو آپریشن جاری
نیپال میں پیش آنے والے اندوہناک حادثہ میں دو بسیں دریا میں بہہ گئیں۔ رپورٹ کے مطابق یہ حادثہ مدن آشرت شاہراہ پر لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے پیش آیا
نئی دہلی: نیپال میں پیش آنے والے اندوہناک حادثہ میں دو بسیں دریا میں بہہ گئیں۔ رپورٹ کے مطابق یہ حادثہ مدن آشرت شاہراہ پر لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے پیش آیا۔ مسافروں سے بھری دونوں بسیں ہائی وے کے قریب بہنے والی ترشول ندی میں گر گئیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ بسوں کے دریا میں گرنے کے بعد تیز لہر انہیں بہا کر لے گئی۔ اس واقعے میں 60 سے زائد مسافر بھی لاپتہ ہیں۔ فی الحال ان کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد مقامی پولیس بھی امدادی ٹیم کی مدد کر رہی ہے۔ پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق یہ بس دارالحکومت کھٹمنڈو جا رہی تھی۔ رپورٹ کے مطابق اینجل اور گنپتی ڈیلکس بسیں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے آپس میں ٹکرا گئیں اور یہ حادثہ پیش آیا۔ پولیس کے مطابق انہیں اس حادثے کی اطلاع ان بسوں میں سفر کرنے والے کچھ مسافروں سے ملی۔ بس کے دریا میں گرنے کے بعد ان مسافروں نے تیر کر اپنی جان بچائی اور بعد میں پولیس کو واقعے کی اطلاع دی۔
دریں اثنا، نیپال کے وزیر اعظم پشپا کمل دہل نے اس حادثے پر غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نارائن گڑھ-مگلن روڈ سیکشن پر لینڈ سلائیڈنگ میں بسوں کے بہہ جانے کے بعد تقریباً پانچ درجن مسافروں کے لاپتہ ہونے اور ملک کے مختلف حصوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے املاک کو ہونے والے نقصان کی خبروں سے مجھے بہت دکھ ہوا ہے۔ میں حکومت کی تمام ایجنسیوں بشمول ہوم ایڈمنسٹریشن کو ہدایت کرتا ہوں کہ وہ مسافروں کی تلاش کریں اور مؤثر طریقے سے ریسکیو کریں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔