کانگو میں ’ایم 23‘ باغیوں کے ہاتھوں 131 شہریوں کا قتل، 17 خواتین اور 12 بچے شامل
مشرقی جمہوریہ کانگو (ڈی آر سی ) میں ایم 23 باغیوں نے گزشتہ ہفتے کم از کم 131 شہریوں کو ہلاک کر دیا، جن میں 17 خواتین اور 12 بچے شامل ہیں
اقوام متحدہ: مشرقی جمہوریہ کانگو (ڈی آر سی ) میں ایم 23 باغیوں نے گزشتہ ہفتے کم از کم 131 شہریوں کو ہلاک کر دیا، جن میں 17 خواتین اور 12 بچے شامل ہیں۔
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹنیو گوٹیرس کے چیف ترجمان اسٹیفن دوجارک نے جمعرات کو کہا ’’مزید آٹھ افراد کو گولی مار کر زخمی کیا گیا، 60 کو اغوا کیا گیا اور کم از کم 22 خواتین اور پانچ لڑکیوں کی عصمت دری کی گئی‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھیوں نے ہمیں بتایا کہ متاثرین کو گولیوں اور چاقوؤں سے مارا گیا ہے۔
دوجارک نے کہا ’’اقوام متحدہ کا مشن، جسے مونسکو کے نام سے جانا جاتا ہے اس کی تصدیق انسانی حقوق کے شراکت داروں کی جانب سے 29 اور 30 نومبر کو شمالی کیوو صوبے کے روتشورو علاقے میں کیشیشے اور بامبو کے گاؤوں میں شہریوں پر حملوں کی ابتدائی تحقیقات کے بعد ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کا امن مشن شہریوں کے خلاف اس ناقابل بیان تشدد کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور متاثرین کو ہنگامی انسانی امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’مشن کانگو کے حکام کے انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی قانون کی ان خلاف ورزیوں کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتا ہے‘‘۔
انہوں نے کہا کہ مشن متاثرین کو انصاف دلانے کی کوششوں میں مدد کے لیے تیار ہے اور شہریوں کے خلاف تشدد کے فوری خاتمے کی اپیل کرتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔