امریکہ: ورجینیا میں بندوق بردار کی اندھا دھند فائرنگ، 12 افراد ہلاک

ورجینیا پولس کے سربراہ جم سرویرا نے اس فائرنگ میں 11 افراد کے مارے جانے کی تصدیق کی ہے، بعد ازاں ایک شخص کی اسپتال لے جاتے وقت موت ہو گئی اور اسی کے ساتھ ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 12 ہو گئی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

واشنگٹن: امریکہ کے صوبہ ورجینیا میں جمعہ کو ورجینیا میونسپل سینٹر کی عمارت میں ایک شخص نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجہ میں 12 افراد کی موت ہو گئی اور 5 دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ ورجینیا پولس کے سربراہ جم سرویرا نے اس فائرنگ میں 11 افراد کے مارے جانے کی تصدیق کی ہے، بعد ازاں ایک اور شخص کی اسپتال لے جاتے وقت موت ہو گئی، اسی کے ساتھ ہلاک ہونے کی تعداد بڑھ کر 12 ہو گئی ہے۔ مقامی پولس افسر جیمز سرویرا نے ہفتہ کو یہ اطلاع دی۔

انہوں نے کہا پولس نے مشتبہ حملہ آور کو مار گرایا ہے۔ ”انہوں نے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا اور کہا ’’ہمیں ایک مزید زخمی کے مرنے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس واقعہ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 12 ہو گئی ہے اور چار زخمیوں کا نزدیکی اسپتال میں علاج چل رہا ہے‘‘۔


پولس سربراہ نے کہا ’’ہمیں جائے وقوعہ سے ایک 45- کیلیبر ہینڈ گن کے ساتھ کئی میگزین ملے ہیں جو کہ خالی ہیں۔ مشتبہ حملہ آور ہینڈ گن میں میگزین کو بھر رہا تھا، متاثرین اور ہمارے حکام پر گولیاں چلا رہا تھا‘‘۔

سی این این نے اپنی رپورٹ میں پولس کے حوالے سے بتایا کہ فائرنگ کا یہ واقعہ ورجینیا کے بیچ میونسپل سینٹر کی عمارت میں جمعہ بعد دوپہر اس وقت پیش آیا جب لوگ یہاں تجارتی کام کاج کے لئے آ رہے تھے۔پولس کے مطابق فائرنگ کرنے والا ملزم بھی یہیں کا ملازم تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ پولس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کرنے والے شخص کو ہلاک کردیا ہے لیکن ابھی تک ملزم حملہ آور کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔


ورجینیا کے گورنر رلف نرتھم نے متاثرین کے کنبوں کے تئیں ہمدردری کا اظہار کیا ۔ وہیں سٹی میئر بابی ڈائر نے مقامی لوگوں کے لئے’ نادانستہ جرم‘ اور ’سیاہ وقت ‘ بتایا ہے۔ ادھر، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو صوبہ ورجینیا میں ہوئی فائرنگ کے متعلق معلومات دی گئی ہے۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان ہوگن گڈلے نے یہ اطلاع دی۔

گڈلے نے کہا ’’صدر کو ورجینیا بیچ میونسپل سینٹر کی عمارت میں ہوئی فائرنگ کے واقعہ کی معلومات دے دی گئی ہے اور وہ صورت حال پر مسلسل نظر بنائے ہوئے ہیں‘‘۔ ورجینیا کے گورنر رلف نارتھم نے کہا کہ وہ واقعہ پر نظر بنائے رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے فائرنگ کے اس واقعہ کو نا قابل بیان اور غیر حساس قرار دیا ہے۔


لا اینڈ انفورسمنٹ افسر کے حوالے سے موصول میڈیا رپورٹ کے مطابق پولس نے جائے وقوعہ سے ایک خود کار پستول اور ایک رائفل برآمد کی ہے۔

واضح ر ہے کہ امریکہ میں گزشتہ سال نومبر کے بعد ہونے والی فائرنگ کا یہ سب سے خطرناک واقعہ ہے۔ اس سے پہلے نومبر میں کیلیفورنيا کے بارڈرلائن بار اینڈ گرل میں ہوئی فائرنگ کے واقعہ میں 12 لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 01 Jun 2019, 2:42 PM