فلم ’ہیری پوٹر‘ کی اداکارہ ڈیم میگی کا 89 سال کی عمر میں انتقال، شیدائیوں میں غم کی لہر
ڈیم میگی نے اپنے کیریئر میں دو آسکر ایوارڈ جیتے تھے، پہلا آسکر ایوارڈ 1970 میں ’دی پرائم آف مس جین براڈی‘ کے لیے اور دوسرا 1979 میں ’کیلیفورنیا سوئٹ‘ کے لیے جیتا تھا۔
فلم ’ہیری پوٹر‘ اور ’ڈاؤنٹ ایبے‘ میں اپنی بہترین اداکاری سے لاکھوں شیدائیوں کا دل جیتنے والی اداکارہ ڈیم میگی اسمتھ کا آج انتقال ہو گیا۔ میگی نے 89 سال کی عمر میں اپنی آخری سانس لی۔ اس خبر سے ان کے چاہنے والوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات کا ایک دراز سلسلہ شروع ہو گیا ہے جس میں کئی مشہور سماجی و سیاسی شخصیتیں بھی شامل ہیں۔
ڈیم میگی کے بیٹوں ٹوبی اسٹیفنس اور کرس لارکن نے سوشل میڈیا پر ماں کے انتقال کی خبر دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’ہمیں بہت افسوس کے ساتھ یہ بتانا پڑ رہا ہے کہ ڈیم میگی اسمتھ کا انتقال ہو گیا ہے۔ انھوں نے آج صبح 27 ستمبر کو اسپتال میں آخری سانس لی۔ وہ ایک بہت ہی انفرادی شخصیت تھیں اور ان کے آخری وقت میں ان کے دوست اور کنبہ کے افراد قریب میں موجود تھے۔ وہ دو بیٹوں اور پانچ محبت کرنے والے پوتے پوتیوں کو اپنے پیچھے چھوڑ گئی ہیں۔ لواحقین اس وقت بے حد غمزدہ ہیں۔‘‘
برطانوی پلیٹ فارم اور فلم کی مشہور ہستی رہ چکیں ڈیم میگی نے اپنے کیریئر میں دو آسکر ایوارڈ جیتے ہیں جو ان کی قابلیت پر مہر لگاتا ہے۔ پہلا آسکر ایوارڈ انھوں نے 1970 میں ’دی پرائم آف مس جین براڈی‘ کے لیے جیتا تھا، اور دوسرا آسکر ایوارڈ انھیں 1979 میں ’کیلیفورنیا سوئٹ‘ کے لیے دیا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔