رمضان المبارک: روزے کے دوران سر کے درد پر کیسے قابو پائیں؟
رمضان المبارک میں روزے داروں کی ایک بڑی تعداد روزے کے دوران سر کے درد کا شکار ہو جاتی ہے، بالخصوص جب وہ کام یا ملازمت میں ہوں، اُن کو تیز دھوپ کا سامنا کرنا پڑے یا خریداری کے لیے باہر جانا ہو
رمضان المبارک میں روزے داروں کی ایک بڑی تعداد روزے کے دوران سر کے درد کا شکار ہو جاتی ہے۔ بالخصوص جب وہ کام یا ملازمت میں ہوں، اُن کو تیز دھوپ کا سامنا کرنا پڑے، کام پر جانے اور واپس گھر آنے کے لیے طویل ڈرائیونگ پر مجبور ہوں یا پھر ضروریات کی چند اشیاء کے لیے خریداری کے لیے باہر جانا ہو۔ علاوہ ازیں روزے دار کو نیند کمی یا ٹکڑوں میں نیند کے سبب بھی سر کے درد کا سامنا رہتا ہے۔
روزے دار ایسی صورت میں درد کی گولی نہیں لے سکتے، تاہم بعض قدرتی باتیں ایسی ہیں جن پر عمل پیرا ہو کر روزے کے دوران سر کے درد پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
صحت کے امور سے متعلق ویب سائٹ ’بولڈ اسکائی‘ کے مطابق سر درد سے چھٹکارہ پانے کے لیے بہترین طریقہ آرام کی کوشش ہے، خواہ چند منٹ کے لیے ہی کیوں نہ ہو۔ ویب سائٹ نے آرام کے لیے کچھ طریقہ تجویز کئے ہیں:
تناؤ سے دور رہیں
سر درد کا بنیادی سبب کسی وجہ سے ہونے والا تناؤ ہے لہذا کچھ دیر کے لیے تناؤ اور کشیدگی کے اس ذریعے سے دور ہو جانا چاہیے۔ مثلا اگر کوئی شخص آپ کے پاس کھڑا ہو کر چِلّا رہا ہے تو بجائے یہ کہ آپ بھی اس کے ساتھ چیخ کر بات کریں ، خاموشی کے ساتھ اُس جگہ سے دور چلے جائیں یا تھوڑی دیر کے لیے اس کمرے سے نکل جائیں۔ ایسا کرنے سے آپ کافی فرق محسوس کریں گے۔
آنکھوں کو مُوند لیں
بیداری کی حالت میں خواب.. اُس تناؤ کو ختم کرنے کے بہترین طریقوں میں سے ہے جس کے سبب سر کا درد پیدا ہوا ہے۔ ماہرین کے مطابق درحقیقت اگر آپ جاگتے ہوئے خواب دیکھنے کے عادی ہیں تو آپ آسانی سے سر کے درد پر قابو پا سکتے ہیں۔ اگر محسوس کریں کہ آپ کا سر شدید درد کے سبب "پھٹنے" کے قریب ہے تو فورا اپنی آنکھوں کو بند کرلیں اور تمام تر مشقت اپنے خوابوں کے واسطے چھوڑ دیں خواہ چند منٹوں کے لیے ہی سہی۔ یہ طریقہ تناؤ پر قابو پانے میں جادوئی اثر رکھتا ہے۔
سردرد کی صورت میں کمپیوٹر اور موبائل سے دور رہیں
آپ کی آنکھ سر درد کا سبب بننے والے تناؤ سے سب سے پہلے متاثر ہوتی ہے۔ اگر آپ سر درد سے دو چار ہیں تو اپنی آنکھوں کو کمپیوٹر، لیپ ٹاپ، موب ائل ٹیبلٹ وغیرہ کی اسکرین دیکھ کر مزید مشکل میں نہ ڈالیں، کیوں کہ اس سے آپ کے سر درد میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔ اس دوران ٹی وی سے بھی دور رہیں۔
نہانا فائدہ مند
اکثر مرتبہ سر درد کا علاج بہتے ہوئے پانی کے نیچے کھڑے ہونے اور نہانے میں ہوتا ہے۔ نیم گرم پانی بعض مرتبہ بہت زیادہ فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔
مساج
کئی مرتبہ پیشانی اور کنپٹی کا مساج کرنے سے واقعتا سر کا درد ختم ہو جاتا ہے۔ آپ کمر کے بل لیٹ جائیں اور پھر کچھ دیر کے لیے اپنے سر اور پیشانی کا مساج شروع کر دیں۔ آپ کو فوری طور پر فرق محسوس ہو گا۔
سانس کی ورزش
گہرے سانس لینا.. یہ سر کے درد کے خاتمے کے لیے ایک بہترین طریقہ ہے۔ آپ اپنی جگہ بیٹھے رہ کر اپنی آنکھ بند کر لیں۔ اس کے بعد دھیرے دھیرے گہرے سانس لیجیے۔ یہاں تک کہ آُ محسوس کریں کہ ہوا آپ کے معدے کو بھر رہی ہے۔ اس کے بعد بہت آہستہ رفتار سے سانس کو کو باہر نکالیں۔ آپ 10 مرتبہ ایسا کریں جس کے بعد بڑی حد تک فرق سامنے آئے گا۔
پٹھوں کو آرام پہنچانے والی ورزش
اپنی گردن کو دائیں اور بائیں جانب موڑیے اور پھر اس کو دائرے کی شکل میں گُھمائیں۔ اس کے بعد اپنے کندھوں کو آگے اور پھر پیچھے حرکت دینا شروع کریں۔ ہر ورزش کو 10 مرتبہ کریں۔ ان کا مقصد پٹھوں کو آرام پہنچانا ہے جس سے آپ کے سر میں ہونے والے درد پر بھی روک لگے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔