بنگلہ دیش میں ڈینگو کے 1291 نئے کیسز، چھ افراد کی موت
ڈی جی ایچ ایس کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، نومبر کے پہلے 19 دنوں کے دوران ڈینگو کے مزید 30,080 کیسز رپورٹ ہوئے۔
بنگلہ دیش میں اتوار کو ڈینگو کے 1,291 نئے کیسز اور چھ اموات کی اطلاع ملی ہے۔ اس سال جنوری سے اب تک کیسوں کی کل تعداد 301,225 اور مرنے والوں کی تعداد 1,549 ہوگئی ہے۔وزارت صحت کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ سروسز (ڈی جی ایس ایس ) نے یہ اطلاع دی ہے۔
ڈی جی ایچ ایس کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، نومبر کے پہلے 19 دنوں کے دوران ڈینگو کے مزید 30,080 کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ گزشتہ ماہ 67,769 افراد مچھروں سے پھیلنے والی بیماری سے متاثر ہوئے۔
ڈی جی ایچ ایس نے کہا کہ ملک میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی کل تعداد 294,757 ہے، جس میں اتوار کو صحت یاب ہونے والے 1,522 مریض شامل ہیں۔ بنگلہ دیش میں ستمبر میں ڈینگوکے کیسز میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھا گیا۔ اس ماہ انفیکشن کے 79,598 نئے کیسز اور 396 اموات ریکارڈ کی گئیں۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ ڈینگو بخار، ایڈیس مچھر کے کاٹنے سے پھیلتا ہے، جو ایک سنگین بیماری کا باعث بنتا ہے جس کے بعد عام طور پر سر درد، تیز بخار، تھکاوٹ، پٹھوں اور جوڑوں میں شدید درد، غدود کا سوجن، قے اور دانے جیسی علامات ظاہر ہوتی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔