کووڈ انفیکشن میں اضافے کی وجہ سے محتاط رہنے کی ہدایات

سیکریٹری نے کیرالہ کے 11، تمل ناڈو کے دو، مہاراشٹر کے چھ اور کرناٹک کے ایک ضلع کا ذکر کیا ہے جہاں کووڈ انفیکشن میں اچانک اضافہ دیکھا گیا ہے۔

فائل تصویر یو این آئی
فائل تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

مرکزی حکومت نے کووڈ انفیکشن کے بڑھتے ہوئے کیسز کو مد نظر رکھتے ہوئے تمل ناڈو، کیرالہ، تلنگانہ، کرناٹک اور مہاراشٹرکے لوگوں کو محتاط رہنے اور کووڈ کے رہنما خطوط پر سختی سے عمل کرنے کے لیے ہدایات جاری کی ہیں۔

مرکزی وزارت برائے صحت اور خاندانی بہبود کے سکریٹری راجیش بھوشن نے تمل ناڈو، کیرالہ، تلنگانہ، کرناٹک اور مہاراشٹر کے پرنسپل سکریٹریوں کو ارسال کئے گئے ایک مکتوب میں کہا ہے کہ کورونا وبا سے نمٹنے کی مشترکہ کوششوں کی وجہ سے مہینوں سے کووڈ انفیکشن میں مسلسل کمی آئی ہے لیکن گزشتہ ایک ہفتے کے دوران انفیکشن میں تیزی کا رجحان سامنے آیا ہے۔ صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت نے ان خطوط کی ایک کاپی جاری کی ۔


مسٹر بھوشن نے ہر ریاست کے پرنسپل سکریٹری کو ایک الگ خط میں کہا ہے کہ کووڈ انفیکشن کے زیادہ کیسز والے اضلاع اور بستیوں کی نشاندہی کی جانی چاہیے ۔ خطوط میں انہوں نے کیرالہ کے 11، تمل ناڈو کے دو، مہاراشٹر کے چھ اور کرناٹک کے ایک اضلاع کا ذکر کیا ہے جہاں کووڈ انفیکشن میں اچانک اضافہ دیکھا گیا ہے۔

خطوط میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ ریاستی حکومتوں کو کووڈ رہنما خطوط پر سختی سے عمل کیا جانا چاہئے اور کووڈ ویکسینیشن کو تیز کیا جانا چاہئے ۔ اس کے علاوہ متاثرہ افراد کی مکمل نگرانی کی جائے اور انہیں مقامی سطح پر مکمل علاج فراہم کیا جائے۔


دریں اثنا وزارت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹوں میں کوووڈ انفیکشن کے 4041 نئے کیسز سامنے آئے ہیں ۔ ان کے ساتھ ہی کورونا متاثرین کی تعداد 21 ہزار 177 ہو گئی۔ یہ متاثرہ کیسز کا 0.05 فیصد ہے۔ یومیہ انفیکشن کی شرح 0.95 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ ملک بھر میں قومی کووڈ ویکسینیشن مہم کے تحت 193.83 کروڑ سے زیادہ افراد کو کووڈ ٹیکے لگائے گئے ہیں ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔