کورونا وائرس: لداخ  میں ایک اور مریض کا ٹیسٹ مثبت، کل تعداد تین ہوئی

یہ تینوں مریض چھو چھٹ گونمہ علاقے سے تعلق رکھتے ہیں جو ماہ گزشتہ ایران سے لوٹے ہیں۔ حکام نے اس گاؤں کو سیل کر دیا ہے اور لوگوں کو تمام تر ضروری اسباب مہیا کیے جارے ہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

لیہہ: لداخ یونین ٹریٹری میں ایران سے لوٹنے والے ایک اور مریض کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس سے یہاں اس وائرس کے متاثرین کی تعداد تین ہوئی ہے۔ بتادیں کہ لداخ میں پہلے ہی دو مریضوں کے کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آئے ہیں تاہم حکام کے مطابق یہ دونوں مریض روبہ صحت ہو رہے ہیں۔

لداخ یونین ٹریٹری کے کمشنر سکریٹری رگزن سیمفل نے میڈیا کو بتایا کہ ’لداخ کے چھو چھٹ گاؤں میں پہلے ہی دو کیسز محمد حسین اور محمد ہادی کے ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئے ہیں اور کل شام محمد ہادی کے بیٹے ذاکر حسین کا بھی ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کو ہارٹ فاؤنڈیشن اسپتال میں داخل کیا گیا ہے‘۔


انہوں نے کہا کہ موصوف کے خاندان کے چھ افراد کو زیر نگرانی رکھا گیا ہے اور ان کے نمونوں کو بھی ٹیسٹ کے لئے دلی بھیجا جارہا ہے۔ موصوف سکریٹری نے کہا کہ محمد حسین کے داماد محمد ناظر کا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک ہمارے پاس 25 کیسز کے رپورٹ آگئے ہیں جن میں سے 22 کیسز کے رپورٹ منفی آئے ہیں جبکہ تین رپورٹس مثبت آئے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ یہ تینوں مریض چھو چھٹ گونمہ علاقے سے تعلق رکھتے ہیں جو ماہ گزشتہ ایران سے لوٹے ہیں۔ حکام نے اس گاؤں کو سیل کیا ہے اور لوگوں کو تمام تر ضروری اسباب مہیا کیے جارے ہیں۔ دریں اثنا یونین ٹریٹری انتظامیہ نے دو نوں اضلاع میں تا حکم ثانی تمام تعلیمی اداروں کو بند کیا ہے۔


جموں و کشمیر حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے پیش نظر تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں بشمول اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں درس وتدریس کا عمل 31 مارچ تک معطل رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔ تاہم بورڈ اور دیگر مسابقتی امتحانات شیڈول کے مطابق لئے جائیں گے۔ حکومت نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر اور پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کرنے سے گریز کریں۔

جموں میں تمام سینما گھروں کو بند اور جموں اور وادی میں تمام آنگن واڑی سینٹروں کو بھی ماہ رواں کی 31 تاریخ تک بند کیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وائرس سے گھبرانے کے بجائے احتیاط کریں اور انتظامیہ کے ساتھ وقت ضرورت تعاون کریں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔