کورونا وائرس: اے ایم یو کے وائس چانسلر کی سماجی میل جول کم کرنے کی اپیل

وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے اپنی اپیل میں کہا کہ یہ ایک وائرل انفیکشن ہے اور بچاؤ ہی اس کا بہتر طریقہ ہے جو بھیڑ والی جگہوں سے گریز کرنے اور ملنا جلنا کم کرنے سے ہی ممکن ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) نے کووِیڈ 19 (کورونا وائرس) کے سلسلہ میں احتیاطی اقدامات کے طور پر کلاسیز کو 2 اپریل تک معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے طلبہ اور اے ایم یو برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ کرونا وائرس کو قابو میں کرنے کے لئے لازمی طور سے احتیاطی اقدامات اپنائیں۔

وائس چانسلر نے اپنی اپیل میں کہا کہ یہ ایک وائرل انفیکشن ہے اور بچاؤ ہی اس کا بہتر طریقہ ہے جو بھیڑ والی جگہوں سے گریز کرنے اور ملنا جلنا کم کرنے سے ہی ممکن ہے۔ انھوں نے کہا کہ کووِیڈ 19 (کورونا وائرس) وبا کے باعث ہندوستان سمیت پوری دنیا ایک سنگین صحت بحران کا سامنا کر رہی ہے اور جیسا کہ آپ کو معلوم ہے کہ وبا کی اصطلاح ایسی بیماری کے لئے استعمال کی جاتی ہے جو ایک بڑے جغرافیائی علاقہ میں یا ایک وقت میں مختلف برّاعظموں میں پھیل جائے۔ ہمیں اس بحران پر قابو پانے کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا۔


وائس چانسلر نے کہاکہ ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر اور رجسٹرار کی جانب سے اس سلسلہ میں وقتاً فوقتاً ایڈوائزری جاری کی جا رہی ہے۔ انھوں نے طلبہ اور اے ایم یو برادری سے کہا ”میں ذاتی طور سے آپ کی صحت و تحفظ کے تئیں فکر مند ہوں اور آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ مختلف مجاز اہلکاروں کی طرف سے جاری مشوروں کے مطابق تعاون کریں“۔

وائس چانسلر نے کہا کہ کووِیڈ 19 (کورونا وائرس) کی جانچ کے لئے اترپردیش میں واقع دو وائرولوجی لیباریٹریز میں سے ایک لیباریٹری اے ایم یو کے جواہر لعل نہر ومیڈیکل کالج میں ہے اور اے ایم یو اپنی سطح پر اس سلسلہ میں بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔ انھوں نے کہا ”ایک بیدار شہری کے طور پر سماج کے کم تعلیم یافتہ طبقات کے لئے آپ کو رول ماڈل بننا ہے“۔


پروفیسر منصور نے مزید کہا کہ نوجوان صحت مند ہوں گے تو وہ تعلیمی و سماجی اعتبار سے زیادہ مثبت رول ادا کرسکیں گے، اس لئے اس وبا پر قابو پانے کی خاطر سب کو ساتھ مل کر کام کرنا لازم ہے۔
اسی اثناء ایک دیگر فیصلے میں یونیورسٹی کے سنٹر فار ڈسٹینس ایجوکیشن نے اپنے سبھی امتحانات کو ملتوی کردیا ہے۔ یہ امتحانات یکم اپریل 2020 سے شروع ہونے والے تھے۔ سنٹر کے ڈائرکٹر پروفیسر محمد نفیس احمد انصاری نے طلبہ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ امتحانات کی نئی تاریخوں کے لئے سنٹر فار ڈسٹینس ایجوکیشن کی ویب سائٹ دیکھتے رہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔