دہلی میں یکم ستمبر سے ڈینگو اور چکن گُنیا کی روک تھام کے لیے مہم: کیجریوال
کیجریوال نے کہا کہ ہندوستان دنیا کے ان 100 ممالک میں شامل ہے جہاں ڈینگو اور چکن گنیا کی وبا زیادہ رہی ہے اور ان دونوں بیماریوں کو روکنے کے لیے کام کیا جانا بے حد ضروری ہے۔
نئی دہلی: دہلی حکومت ڈینگو اور چکن گُنیا کے بارے میں عوام کو بیدار کرنے اور اس کی روک تھام کے لیے یکم ستمبر سے پوری ریاست میں مہم شروع کرے گی۔ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے بدھ کے روز دہلی سکریٹریٹ میں پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت ڈینگو اور چکن گنیا کے حوالے سے مکمل تیار ہے۔ حکومت نے اپنی مدت کار کے دوران سب سے زیادہ زور تعلیم اور صحت پر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہلی حکومت کے اسپتالوں میں مریضوں کے لیے سہولتیں بڑھانے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ حکومت نے صحت کے بجٹ کو بڑھا کر دوگنا کر دیا ہے۔ حکومت کی کوششوں کے نتیجے میں صحت کے شعبے میں بہت اچھی پیش رفت ہوئی ہے۔
کیجریوال نے کہا کہ ہندوستان دنیا کے ان 100 ممالک میں شامل ہے جہاں ڈینگو اور چکن گنیا کی وبا زیادہ رہی ہے اور ان دونوں بیماریوں کو روکنے کے لیے کام کیا جانا بے حد ضروری ہے۔ حکومت اس پر پوری توجہ دے رہی ہے۔
مانسون کے بعد ڈینگو اور چکن گُنیا کی وبا شدت اختیار کرتی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت کی کوششوں سے گذشتہ تین برسوں کے دوران دونوں بخاروں کی وبا میں 80 فی صد تک کی کمی آئی ہے۔ حکومت نے ڈینگو بیداری مرکز قائم کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ڈینگو اور چکن گُنیا کی وبا کو مزید کمزور کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ حکومت یکم ستمبر سے دونوں بخاروں کے تئیں عوام میں بیداری اور روک تھام کے طریقوں سے آگاہ کرنے کے لیے مہم شروع کر رہی ہے۔ یہ مہم دس ہفتے تک چلے گی۔ مہم کے تحت ہر اتوار کو عوام کے ساتھ وہ، وزیر اور اراکین اسمبلی اپنی رہائش گاہ سے 10 منٹ ڈینگو اور چکن گُنیا کے سلسلے میں مہم چلائیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 28 Aug 2019, 9:10 PM