فوجی اسپتالوں میں سپلائی کی جانے والی ادویات کی کالا بازاری! دو افراد گرفتار
پولس نے جن ادویات کو ضبط کیا ہے وہ کافی مہنگی ہیں، ان ادویات کو صرف فوجیوں اور ای ایس آئی کے اسپتالوں میں ہی سپلائی کیا جا سکتا ہے۔ ضبط ادویات کی قیمت تقریباً 30 لاکھ روپے ہے۔
نئی دہلی: مشرقی دہلی ضلع پولس نے فوجیوں اور ای ایس آئی (ایمپلائیز اسٹیٹ انشورنس) اسپتالوں میں سپلائی کی جانے والی کینسر کی مہنگی ادویات کی کالا بازاری کرنے والے ایک گروہ کا پردہ فاش کیا ہے۔ پولس نے ادویات کو کھلے بازار میں فروخت کرنے کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار ملزمان سے بھاری مقدار میں ادویات ضبط کی گئی ہیں۔
مشرقی دہلی ضلع کے ڈی سی پی (ڈسٹرکٹ کمشنر آف پولس) جسمیت سنگھ نے خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس کو بتایا کہ گرفتار دونوں ملزمان ادویات کے سپلائرز ہیں اور ان کے نام دھرو جھا اور اوم ناتھ جھا ہیں۔ پولس کے مطابق دونوں نے خود کو رشتہ کا بھائی بتایا ہے۔
ڈی سی پی جسمیت سنگھ کے مطابق، ’’ملزمان دہلی کے وجے گھاٹ علاقہ میں رہتے ہیں۔ دونوں ملزمان کے خلاف پریت وہار تھانہ میں معاملہ درج کر لیا گیا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ 20 ستمبر کو ضلع کے اینٹی آٹو تھیفٹ اکواڈ کو ڈیفنس اور ای ایس آئی اسپتالوں میں سپلائی ہونے والی مہنگی ادویات کے کھلی مارکٹ میں بیچے جانے کی خبر موصول ہوئی تھی۔ انسپکٹر دنیش آریہ کی ٹیم نے وکاس مارگ پر رات 11.50 بجے ایک اسکوٹی سوار مشتبہ شخص کو پکڑ لیا۔ جس نے اپنا نام دھرو بتایا، اس کے بیگ سے ادویات کے سات پیکیٹ برآمد ہوئے۔ ادویات کے پیکیٹوں پر صرف ای ایس آئی اسپتالوں کی مہر لگی ہوئی تھی۔
پولس نے جن ادویات کو ضبط کیا ہے وہ مہنگی ہیں اور کینسر کے علاج کے لئے ان کا استعمال ہوتا ہے، ان ادویات کو صرف فوجیوں اور ای ایس آئی کے اسپتالوں میں ہی سپلائی کی جا سکتی ہے۔ ضبط ادویات کی قیمت تقریباً 30 لاکھ روپے ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 24 Sep 2019, 3:10 PM