بریلی زون: ملیریا سے 56 افراد ہلاک، مریضوں کی تعداد دو لاکھ سے زیادہ

بریلی: اترپردیش کے بریلی منڈل کے چاروں اضلاع میں اب تک دو لاکھ 13 ہزار286 ملیریا کے مریضوں کا اندراج کیا گیا ہے جس میں 56 مریضوں کی موت ہوچکی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

اے ڈی ہیلتھ ڈاکٹر پرملا گوڑ نے بتایا کہ ضلع بریلی میں 125468، بدایوں میں 46770، پیلی بھیت میں 22233 اور شاہجہاں پور میں 18815 ملیریا کے مریض درج کئے گئے ہیں جن میں سے بریلی میں ملیریا وائی ایکس کے 12328، بدایوں میں 2730، پیلی بھیت میں 114 اور شاہجہاں پور میں 142 مریض ملے ہیں۔ اس کے علاوہ بریلی میں 7098، بدایوں میں 1735، پیلی بھیت میں 43 اور شاہجہاں پور میں 7 مریض پیلیسی پیرم ملیریا مرض کے درج کیے گئے ہیں۔ بریلی منڈل میں بخار سے اب تک 56 لوگوں کی موت ہوئی ہے جس میں سب سے زیادہ 25 مریضوں کی موت ضلع بریلی میں ہوئی ہے۔

فوڈ اینڈ سیکورٹی و میڈیسین کے انچارج اے کے شکلا نے بتایا کہ دواؤں کے تھوک کاروباریوں کے ایک وفد نے گذشتہ دنوں بتایا تھا کہ 27 دن میں بریلی منڈل میں ملیریا کی دواؤں کا 60 کروڑ روپئے کا کاروبار ہوا ہے۔ گذشتہ سالوں میں اتنا کاروبار ایک سال میں ہوتا تھا۔ بریلی اور بدایوں اضلاع میں ابھی بھی ملیریا کی دوا کی طلب جاری ہے۔

بریلی کے 18 تھوک کاروباریوں کا کہنا ہے کہ ملیریا کی دواؤں کی مانگ اتنی بڑھ گئی کہ انجیکشن، پیراسیٹا مال ٹیبلیٹ، ملیریا کی دوا اور اینٹی بایوٹک ٹیبلیٹ کیپسول من مانی قیمتوں پر فروخت کی گئیں اور معروف کمپنیوں نے بڑھتی مانگ کے پیش نظر سبھی اسکیموں کو بھی بند کر دیا۔ پیلسی پیرم ملیریا اور وائی ایکس ملیریا کے مریضوں کی بڑھتی بھیڑ کو دیکھتے ہوئے پیتھالوجی ایجنسیوں نے بھی فیس میں25 فیصد کا اضافہ کردیا۔

بریلی منڈل کے اینٹومولجسٹ ڈاکٹر دیپک کمار نے بتایا کہ اینٹی لاروا کے لگاتار چھڑکاؤ کے باوجود پیلسی پیرم ملیریا کے مریضوں میں کمی نہیں آرہی ہے۔

ریاست کے وزیر سینچائی دھرم پال سنگھ نے بتایا کہ ان کے انتخابی حلقے میں بڑے پیمانے پر ملیریا پھیلا ہوا ہے۔ وہ ملیریا سے مرنے والوں اور متأثروں کی معلومات اپنے کارکنوں سے لے رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 02 Oct 2018, 9:13 PM