ہندوستان لبنان کو شکست دے کر فائنل میں داخل
دفاعی چیمپئن ہندستان مسلسل دوسرا اور مجموعی طور پر نواں ٹائٹل جیتنے سے صرف ایک قدم دور ہے اور فائنل میں اس کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہوگا۔
ہندوستانی مردوں کی فٹ بال ٹیم نے ہفتہ یعنی یکم جولائی کو سیمی فائنل میں پہلے لبنان کو 0-0 پر روکا اور پھر شوٹ آؤٹ میں 4-2 سے شکست دے کر سیف چیمپئن شپ کے فائنل میں قدم رکھا۔
سری کانتیروا اسٹیڈیم میں شائقین کے جوش کے درمیان، کوئی بھی ٹیم مقررہ وقت میں گول نہ کرسکی، جس کی وجہ سے میچ میں 30 منٹ کا اضافہ کرنا پڑا۔ اضافی وقت میں سنیل چھتری اور اودانتا سنگھ گول کرنے کے قریب آئے، لیکن ان کی کوششیں ناکام رہنے کی وجہ سے فاتح کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ سے ہوا۔
شوٹ آؤٹ میں ہندوستان کی جانب سے کپتان چھیتری، انور علی، مہیش سنگھ اور اودانتا نے گول کیے جبکہ لبنان کی جانب سے ولید شور اور محمد صادق ہی گول اسکورر تھے۔دفاعی چیمپئن ہندستان مسلسل دوسرا اور مجموعی طور پر نواں ٹائٹل جیتنے سے صرف ایک قدم دور ہے اور فائنل میں اس کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہوگا۔
لبنان اور ہندوستان کے درمیان پچھلے مقابلے میں چھتری کی ٹیم جیت گئی تھی، حالانکہ اس بار لبنان نے مضبوط آغاز کیا۔ پہلے ہی منٹ میں نادر متر کی شاٹ جال کے اوپر جانے کے بعد لبنان آٹھویں منٹ میں دوبارہ قریب آیا۔ ہندستانی گول پر زین فاران نے ایک اور شاٹ لگایا تاہم گول کیپر گرپریت سنگھ سندھو اس بار گول روکنے میں کامیاب رہے۔
ہندوستان کو جلد ہی لے مل گئی اور اس نے گیند کو اپنے قبضے میں رکھنا شروع کر دیا۔ سہیل عبدالصمد 16ویں منٹ میں جیکسن سنگھ کے پاس سے گول کرنے کے قریب آئے لیکن دفاعی کھلاڑی علی زنینی نے لبنان کو پچھڑنے سے بچا لیا۔ ہندوستان نے پہلے ہاف کے نصف سے زیادہ وقت تک گیند پر قابو رکھا لیکن کوچ الیگزینڈر الیچ کی ٹیم نے انہیں گول کرنے کا کوئی موقع نہیں دیا۔ لبنان نے 31 ویں منٹ میں فری کک کے ساتھ برتری حاصل کرنے کی کوشش کی لیکن گرپریت ایک بار پھر راستے میں آ گئے۔
اگرچہ ہندوستان نے پہلے ہاف میں لبنان کو حملے کے لیے کافی جگہ دی لیکن اس نے دوسرے ہاف میں اپنی غلطی کو سدھار لیا۔ جلد ہی ہندوستان نے لبنان کے ڈیفنس میں مواقع پیدا کرنا شروع کردیئے۔ میچ کے 72ویں منٹ میں انور علی نے چھتری کے لیے ایک موقع بنایا لیکن جارج میلکی نے گیند کو گول پوسٹ سے دور بھیج دیا۔ چھتری بھی 94ویں اور 96ویں منٹ میں گول کرنے کے قریب پہنچے لیکن دونوں موقعوں پر ہدف کو نشانہ بنانے میں ناکام رہے۔ میچ میں آخری گول کرنے کی کوشش 113ویں منٹ میں اودانتا سنگھ نے کی اور ان کے ناکام رہنے کی وجہ سے میچ پنالٹی شوٹ آؤٹ میں چلا گیا۔
شوٹ آؤٹ میں چھیتری نے ہندوستان کی جیت کا راستہ آسان کرنے کی پہلی ہی کوشش میں گیند کو جال میں پہنچا کر اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔ اس کے بعد انور، مہیش اور اودانتا نے بھی ہندوستان کی جانب سے گول کئے۔ گول کیپر گرپریت نے پہلی کوشش میں حسن متوق کا شاٹ روکا، جب کہ چوتھی کوشش میں خلیل بدر کا شاٹ گول کے اوپر نکل جانے کی وجہ سے لبنان سنسنی خیز مقابلہ میں شکست کھا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔