ہندوستان نے نویں بار سیف چیمپئن شپ جیتی
یہ ہندوستان کا مجموعی طور پر نواں اور مسلسل دوسرا سیف چیمپئن شپ خطاب ہے۔ وہ اس ٹورنامنٹ کی سب سے کامیاب ٹیم ہے جبکہ اس کے بعد مالدیپ دو مرتبہ یہ چیمپئن شپ جیت چکا ہے۔
ہندوستان نے سیف چمپئن شپ کے ایک سانس روک دینے والے فائنل میں کویت کو شوٹ آؤٹ میں 5-4 (فُل ٹائم 1-1) سے شکست دے کر نویں بار جنوبی ایشیائی چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
شری کانتیراوا سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کویت نے 14ویں منٹ میں شبیب الخالدی کے ذریعے گول کر کے برتری حاصل کی تاہم للنزوالا چھنگٹے نے 35ویں منٹ میں ہندستان کے لیے گول کر کے اسکور برابر کر دیا۔ اس کے بعد 120ویں منٹ تک دونوں ٹیمیں گیند کو جال میں نہ پہنچا سکیں جس کی وجہ سے جیت کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ سے ہوا۔
شوٹ آؤٹ میں ہندستان کی جانب سے سنیل چھتری، سندیش جھنگن، چھنگٹے، سبھاشیش بوس اور مہیش سنگھ نے گول کیے جبکہ کویت کی جانب سے صرف فواز العتیبی، احمد الظفیری، مہران اور الخالدی نے گول کیے۔یہ ہندوستان کا مجموعی طور پر نواں اور مسلسل دوسرا سیف چیمپئن شپ خطاب ہے۔ وہ اس ٹورنامنٹ کی سب سے کامیاب ٹیم ہے جبکہ اس کے بعد مالدیپ دو مرتبہ یہ چیمپئن شپ جیت چکی ہے۔
پچھلے میچ میں ہندوستان کو ڈرا پر روکنے والا کویت اس بار پہلے ہی منٹ سے جارحانہ نظر آیا۔ سندیش جھنگن اور انور علی کے ساتھ سجے ہندوستانی دفاع نے محتاط دفاع کا مظاہرہ کیا لیکن کویت نے آخر کار 14 ویں منٹ میں ہندوستان کے گول تک رسائی حاصل کی۔
کویت کا مقابلہ کرتے ہوئے مبارک الفنینی نے ہندوستانی گول کی طرف بڑھتے ہوئے عبداللہ البلوشی کو پاس دیا۔ البلوشی نے ہندستانی باکس میں اکیلے کھڑے شبیب الخالدی کو کراس دیا جنہوں نے گیند کو جال میں ڈال کر کویت کا کھاتہ کھول دیا۔
ہندوستانی ٹیم 16ویں منٹ میں اپنا پہلا گول کرنے کے قریب پہنچی لیکن اسے برابری کے لیے 38ویں منٹ تک انتظار کرنا پڑا۔ کپتان چھتری نے کویت کے ڈیفنس کو چکمہ دیتے ہوئے سہل عبدالصمد کو پاس دیا۔ سہل کا کراس کویت کے باکس میں کھڑے لالنزوالا چھنگٹے کے پاس گیا اور چند گھنٹے پہلے آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن کے ذریعہ سال کا بہترین کھلاڑی منتخب ہوئے چھنگٹے نے اسکور برابر کر دیا۔
پہلے ہاف میں برابری کے اسکور کے بعد دوسرے ہاف میں کویت نے برتری حاصل کرنے کی کئی کوششیں کیں لیکن ہندوستانی دفاع بالخصوص گول کیپر گرپریت سنگھ نے گیند کو جال تک نہیں جانے دیا۔ الخالدی میچ کے 53ویں منٹ میں اپنا اور کویت کا دوسرا گول کر سکتے تھے لیکن جھنگن نے عبداللہ کے پاس کو الخالدی تک پہنچنے نہیں دیا۔ انجری ٹائم کے دوسرے ہی منٹ میں کویت دوسرا گول کر کے جیت سکتا تھا لیکن یہاں گرپریت نے شاندار سیو کر کے ہندوستان کو شکست سے بچا لیا۔
ہندوستان کے پاس بھی 62ویں منٹ میں آگے نکلنے کا موقع تھا لیکن چھتری کے پاس پر چھنگٹے کا شاٹ سیدھا کویت کے گول کیپر مزروق کے دستانے میں چلا گیا۔ اسکور برابر ہونے پر میچ اضافی وقت میں چلا گیا۔ دونوں ٹیمیں مختصر آرام کے بعد میدان میں واپس آئیں تاہم 30 منٹ کی لڑائی کے بعد بھی اسکور 1-1 رہا۔ ہندوستان کے پاس 119ویں منٹ میں گول کرنے کے مواقع تھے لیکن چھنگٹے کا شاٹ اس بار کراس بار کے اوپر سے نکل گیا۔
بالآخر، پنالٹی شوٹ آؤٹ میں کپتان چھتری نے ایک بار پھر اپنی کوالٹی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستان کے لیے پہلا گول کیا۔ کویت کے عبداللہ گیند کو جال میں پہنچانے میں ناکام رہے، جبکہ ہندوستان کے اُدانتا سنگھ شاٹ سے چوک گئے۔ جھنگن، چھنگٹے اور سبھاشیش کے گول کے ساتھ پانچ کوششوں کے بعد ہندوستان اور کویت 4-4 سے برابر پر تھے۔ آخر کار ہندوستان کے لیے چھٹی پنلٹی لینے والے مہیش کا گول ٹیم کی جیت میں فیصلہ کن ثابت ہوا۔ مہیش کی پنالٹی کویتی گول کیپر کو چکمہ دیتے ہوئے سیدھی جال میں لگی جبکہ کویتی کپتان خالد حاجیہ کی کوشش کو گرپریت نے روک لیا۔
اس کے ساتھ ہی ہندوستان نے سیف چیمپئن شپ جیت لی اور معطلی کی وجہ سے پورے میچ سے باہر رہنے والے کوچ ایگور اسٹیمچ ٹیم کے ساتھ جشن منانے گراؤنڈ میں آئے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔