عالمی کپ میں زبردست الٹ پھیر، سعودی عرب نے ارجنٹینا کو دی شکست
سعودی عرب کی ٹیم نے دنیا کے بہترین کھلاڑی میسی کی ارجنٹینا کی ٹیم کو ایک گول کے مقابلہ دو گولوں سے شکست دی۔ پورے عرب میں زبردست جوش دیکھا جا رہا ہے۔
فیفا عالمی کپ میں آج اس وقت زبردست الٹ پھیر دیکھنے کو ملا جب ایشیا کی سعودی عرب کی ٹیم نے دنیا کے بہترین کھلاڑی میسی کی ارجنٹینا کی ٹیم کو ایک گول کے مقابلہ دو گولوں سے شکست دی۔ پوری عرب دنیا میں زبردست جوش دیکھا جا رہا ہے۔ میسی نے دسویں منٹ میں پینلٹی کے ذریعہ اپنی ٹیم کو ثبقت دلا دی تھی لیکن دوسرے ہاف میں سعودی عرب نے نہ صرف دو گول کئے بلکہ ان کا آخر تک دفاع بھی کیا۔
میزبان قطر کو پہلے مقابلہ میں ایکواڈور نے شکست دی اورایران کو انگلینڈ کی ٹیم نے روند ڈالا لیکن سعودی عرب نے آج اس وقت کمال کر دیا جب دنیا کی بہترین ٹیم کو اپنے پہلے ہی میچ میں ہرا دیا۔ ارجنٹینا کی ٹیم میں جہاں زبردست اعتماد تھا وہیں سعودی عرب کی ٹیم میں زبردست جوش نظر آیا۔ اس کے کئی کھلاڑی زخمی ہو کر باہر گئے لیکن انہوں نے میچ میں جیتنے کے لئے ہر ممکن قدم اٹھائے۔
سعودی عرب کی جانب سے ان کے بہترین کھلاڑی الشہری نے 48 ویں منٹ میں پہلا گول کر کے میچ کو برابر پر لا کھڑا کیا اور اس کے تھوڑی دیر بعد ہی یعنی 53 ویں منٹ میں الدوساری نے گول کر کے اپنی ٹیم کو بڑھت دلا دی۔ اس کے بعد ارجنٹینا نے بہت کوشش کی کہ کم از کم میچ کو برابر ہی کر دے لیکن میچ کے اختتام کی سیٹی بجنے تک ان کو اس میں کامیابی نہیں ملی۔
سعودی عرب کے گول کیپر نے بہت شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ دفاعی کھلاڑیوں نے آف سائڈ ٹریپ بنایا اور وہ اس میں کامیاب رہے۔ ارجنٹینا کی ٹیم کے پاس زیادہ گیند رہی، انہوں نے گول پر زیادہ شاٹ لئے اور ان کو زیادہ کارنر ملے لیکن اس سب کے باوجود وہ ہار گئے۔ پہلے عرب ملک میں فیفا عالمی کپ کا انعقاد اور اب سعودی عرب کے ہاتھوں ارجنٹینا کی شکست کا مطلب ہے کہ آنے والے سالوں میں فٹبال کا بخار عرب دنیا میں سر چھڑ کر بولے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔