رئیل کشمیر فٹ بال کلب کیلئے خوشخبری، 2 کروڑ روپے کی سالانہ گرانٹ منظور
رئیل فٹ بال کلب نے قومی سطح پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ملک کی معروف ٹیموں کو ہرایا ہے اور وادی میں منعقدہ مقابلوں میں 25000سے زائد شائقین نے یہ میچ دیکھا۔
سری نگر: جموں وکشمیر میں گورنر انتظامیہ نے جاری آئی لیگ فٹ بال چمپئن شپ میں غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی رئیل کشمیر فٹ بال کلب کے لئے سالانہ دو کروڑ روپے کی گرانٹ کو منظوری دے دی ہے۔ سرکاری ترجمان کے مطابق گورنر ستیہ پال ملک کی صدارت میں گذشتہ شام منعقد ہونے والی ریاستی انتظامی کونسل کی میٹنگ میں رئیل کشمیر فٹ بال کلب کے لئے دو کروڑ روپے سالانہ گرانٹ کو منظوری دی گئی ۔ یہ گرانٹ 2018-19 سے تین سال تک ہوگی ۔ رئیل فٹ بال کلب نے قومی سطح پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ملک کی معروف ٹیموں کو ہرایا ہے اور وادی میں منعقدہ مقابلوں میں 25000سے زائد شائقین نے یہ میچ دیکھا۔
کونسل نے کلب کی مالی ضروریات کو دھیان میں رکھتے ہوئے محکمہ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کو منصوبہ تشکیل دینے کی ہدایت دی تھی ۔ محکمہ کو ریاست کی دیگر ایسی ٹیموں کے لئے بھی منصوبے تشکیل دینے کی ہدایت دی گئی ہے جو مختلف کھیلوں میں ملکی سطح پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ بتادیں کہ ریاستی گورنر ستیہ پال ملک رئیل کشمیر فٹ بال کلب کی کارکردگی سے انتہائی خوش اور مطمئن ہیں اور آج کل اپنی اکثر تقریروں میں اس ٹیم کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔