کورونا سے فٹ بال کلب ریال میڈرڈ کے سابق صدر کی موت
کورونا وائرس نہ تو مذہب دیکھ رہاہےاورنہ یہ دیکھ رہا ہے کہ کون کتنا بڑا شخص ہے۔جرمن چانسلر کی خبر کے ساتھ یہ بھی خبر ہے کہ کورونا کی وجہ سےریال میڈرڈ کے سابق صدر کی موت ہو گئی ہے
مشہور فٹ بال کلب ریال میڈرڈ کے سابق صدر لورینزو سانج کی مہلک کورونا وائرس (كووڈ 19) کی زد میں آنے کی وجہ سے ا سپین میں موت ہو گئی۔مقامی میڈیا کے مطابق سانج میں کورونا وائرس کی علامات سامنے آنے کے بعد منگل کو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جس کے بعد طبی ٹیسٹ میں وہ کورونا سے متاثر پائے گئے تھے۔
ریال میڈرڈ کلب نے کہاکہ ہم سب سابق صدر کے انتقال کے بعد حیران ہیں جنہوں نے اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ اپنے اس عظیم جذبہ کے لئے وقف کیا۔ سانج کو ان کی شراکت کے لئے جلد وہ شناخت دی جائے گی جس کے وہ حقدار ہیں ۔
سانج کے بیٹے لورینزو سانج دوران نے کہاکہ میرے والد کا انتقال ہو گیا ہے۔ وہ اس طرح کے انجام کے حقدار نہیں تھے۔ میں نے اب تک جتنے بھی لوگوں کو دیکھا ہے ان میں سے میرے والد سب سے اچھے، بہادر اور سب سے مستعد تھے۔ ان کے لئے ان کا خاندان اور ریال میڈرڈ سب سے پیارے تھے۔
سانج سال 1995 سے لے کر 2000 تک ریال میڈرڈ کے صدر رہے۔ ان کی صدارت میں ریال میڈرڈ نے 32 سال کا انتظار ختم کرتے ہوئے 1998 میں یورپی کپ جیتا تھا۔ ان کی صدارت میں ریال میڈرڈ نے سال 2000 میں ایک اور بار یورپی کپ جیتا اور ساتھ ساتھ ایک انٹرکانٹی نینٹل کپ اور لا لیگا کا خطاب بھی جیتا۔ ریال میڈرڈ کے کپتان سرجیو راموس نے سانج کے انتقال پر ان کے خاندان کے تئیں دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ سانج کی موت ان مشکل دنوں میں اور بھی افسوسناک ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔