فیفا ورلڈ کپ 2022: فرانس مسلسل دوسرا خطاب جیتنے سے دو قدم دور
فرانس جیروڈ کے فیصلہ کن گول کی بدولت سیمی فائنل میں پہنچ گیا اور اب وہ مسلسل دوسری بار ورلڈ کپ جیتنے سے دو قدم دور ہے۔ اس سے قبل برازیل (1958، 1962) لگاتار دو ورلڈ کپ جیتنے کا ریکارڈ بنا چکا ہے۔
الخور: دفاعی عالمی چیمپئن فرانس نے کوارٹر فائنل میں انگلینڈ کو 2-1 سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ 2022 کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ البیت اسٹیڈیم میں گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں فرانس کی جانب سے اوریلین چومینی (17ویں منٹ) اور اولیور گیروڈ (78ویں منٹ) نے گول کئے۔ شکست خوردہ ٹیم کا واحد گول ہیری کین (54ویں منٹ) نے کیا۔
فرانس کو ابتدائی برتری ملنے کے بعد، انگلینڈ نے موقعوں کی تلاش شروع کر دی، حالانکہ انہیں اپنی پہلی کامیابی کے لیے دوسرے ہاف تک انتظار کرنا پڑا۔ میچ کے 54 ویں منٹ میں چومینی نے بکائیو ساکا کو فاول کیا اور کپتان کین نے پنالٹی کو گول میں تبدیل کرکے اسکور 1-1 سے برابر کر دیا۔
اگرچہ انگلینڈ کی خوشی زیادہ دیر تک قائم نہیں رہی اور گیروڈ نے بائیں طرف سے اینٹونین گریزمین کے کراس پر گول کرکے فرانس کو دوبارہ برتری کی پوزیشن میں پہنچایا۔ مقررہ وقت کے اختتام سے سات منٹ قبل انگلینڈ کو ایک اور پنالٹی ملی۔ پہلی پنالٹی پر گول کرنے والے کین نے دوبارہ کوشش کی لیکن ان کا شاٹ گول پوسٹ کے اوپر سے نکل گیا۔
فرانس جیروڈ کے فیصلہ کن گول کی بدولت سیمی فائنل میں پہنچ گیا اور اب وہ مسلسل دوسری بار ورلڈ کپ جیتنے سے دو قدم دور ہے۔ اس سے قبل برازیل (1958، 1962) لگاتار دو ورلڈ کپ جیتنے کا ریکارڈ بنا چکا ہے۔ سیمی فائنل میں فرانس کا مقابلہ مراکش سے ہوگا جو کوارٹر فائنل میں پرتگال کو شکست دینے کے بعد آرہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔