کپتان كولاروو کے گول سے سربیا نے کوسٹا ریکا کو شکست دی
سمارا: کپتان الیگزینڈر كولاروو کی دوسرے ہاف میں لہراتی فری کک پر کئے گئے بہترین گول کی مدد سے سربیا نے کوسٹا ریکا کو فیفا ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کے گروپ ای میچ میں اتوار کو 1۔0 سے ہرا دیا۔
پہلے ہاف میں گول بغیر ڈرا رہنے کے بعد میچ کا واحد اہم گول كولاروو نے 56 ویں منٹ میں کیا اور اپنی ٹیم کو پورے تین پوائنٹس دلا دیے۔
دفاعی کھلاڑی كولاروو نے بائیں پیر سے جو شاٹ لگایا وہ کھلاڑیوں کی دیوار کے اوپر سے لہراتا ہوا گول کے دائیں اوپری حصے میں سما گیا اور گول کیپر کیلر نواس کچھ نہیں کر سکے۔
گزشتہ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے والے کوسٹا ریکا نے برابری پر آنے کی بھرپور کوشش کی لیکن اسے کامیابی نہیں ملی۔مقرر 90 منٹ کے بعد انجری ٹائم میں قریب آٹھ منٹ کا کھیل ہوا لیکن سربیا نے اپنا گول بچائے رکھا اور تین پوائنٹس حاصل کر لئے۔
سربیا اور کوسٹا ریکا کی ٹیموں کو موجودہ عالمی کپ میں 'انڈر ڈاگ' مانا جا رہا ہے اور سربیا کی جیت نے اس کے لئے امیدیں بڑھا دی ہیں۔اس گروپ کی دو دیگر ٹیمیں برازیل اور سوئٹزرلینڈ ہیں۔ اس دوران برانسلاو ایوانووچ نے اس میچ میں اترنے کے ساتھ اپنے 104 میچ پورے کر لئے اور سربیا کے لئے سب سے زیادہ میچ کھیلنے والے کھلاڑی بن گئے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔