کروشیا نے نائیجیریا کو 2۔0 سے دی شکست

لیننگراڈ: یورپی ملک کروشیا نے فیفا ورلڈ کپ میں ‘گروپ آف ڈیتھ’ مانے جا رہے گروپ ڈی میں ہفتہ کی رات کو افریقی ملک نائیجیریا کو 2۔0 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں کامیاب شروعات کی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

کروشیا نے نائیجیریا کے خودکش گول سے پہلے ہاف میں برتری بنائی اور دوسرے ہاف میں پنالٹی پر گول کر اپنی جیت یقینی بنا لی۔چار سال پہلے برازیل میں کروشیا گروپ مرحلے میں ہی باہر ہو گئی تھی لیکن اس بار اس نے فاتحانہ آغاز کیا۔

ٹورنامنٹ میں گروپ ڈی کے لیے گروپ آف ڈیتھ مانا جا رہا ہے جس میں گزشتہ رنر اپ ارجنٹائن اور نوآموز ٹیم آئس لینڈ شامل ہیں۔آئس لینڈ نے کل ارجنٹائن کو 1۔1 کے ڈرا پر روک کر تہلکہ مچا دیا تھا۔

روسی شہر کلیننگراڈ میں کھیلے گئے اس میچ کی ابتدا میں دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن نائیجیریا کے نوجوان کھلاڑی اوگھنیکارو اتیبو کے سیلف گول کی وجہ سے کروشیا کو برتری حاصل ہوگئی۔
میچ کے دوسرے ہاف میں کروشیا کو 71ویں منٹ میں پنالٹی اسٹروک مل گیا جس کا بھر پور فائدہ اٹھاتے ہوئے کروشین ٹیم کپتان لوکا موڈرک نے جال میں پہنچا کر ٹیم کا اسکور 2۔0 کردیا، جو میچ کے اختتام تک برقرار رہا۔

اس فتح کے ساتھ ہی کروشیا کو 3 پوائنٹس حاصل ہوگئے اور وہ گروپ میں ٹاپ پوزیشن پر پہنچ گئی جبکہ ارجنٹائن اور آئس لینڈ دونوں کا میچ برابر ہونے کی وجہ سے دونوں ٹیموں کا ایک ایک پوائنٹ ہے۔
کل ہی کھیلے گئے ایک دیگر میچ میں اسٹار فٹبالر لیونل میسی کی ورلڈ کپ میں بھیانک غلطی کے سبب ارجنٹائن کی ٹیم پہلی کامیابی سے محروم ہو گئی اور آئس لینڈ اور ارجنٹائن کے درمیان میچ 1۔1 گول سے برابر رہا جبکہ فرانس نے آسٹریلیا کو 2۔1 سے شکست دی۔

ہفتے کو کھیلے گئے دن کے پہلے میچ میں روس کے شہر کازان میں 1998 کی ورلڈ کپ چمپئن فرانس اور آسٹریلیا کی ٹیمیں مدمقابل آئیں جہاں توقعات کے برعکس دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ورلڈ کپ کے لیے فیورٹ قرار دی جانے والی فرانس کی ٹیم میچ کے پہلے ہاف میں توقعات کے مطابق کھیل پیش کرنے میں ناکام رہی اور آسٹریلیا نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے فرانس کو گول کرنے سے باز رکھا البتہ وہ خود بھی کوئی گول نہ کر سکی۔

دوسرے ہاف کے 58ویں منٹ میں آسٹریلین کھلاڑی کا فاؤل ہوا لیکن ریفری نے اسے فاؤل تصور نہ کیا تاہم فرانسیسی ٹیم کے اعتراض پر ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار ویڈیو ری پلے کا استعمال کیا گیا۔ ویڈیو ری پلے نے فاؤل کی تصدیق کر دی جس پر فرانس کو پنالٹی ایوارڈ کی گئی اور انٹونیو گریز مین نے اس پر گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔فرانس کی یہ خوشی زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی اور 4 منٹ بعد ہی ریفری نے آسٹریلیا کو پنالٹی دے دی جس پر جیڈی ناک نے گول کرنے میں کوئی غلطی نہ کرتے ہوئے مقابلہ برابر کردیا۔

آسٹریلیا نے فرانس کی ٹیم کا بھرپور مقابلہ کرتے ہوئے انہیں گول کرنے سے باز رکھنے کی لاکھ کوشش کی لیکن 81ویں منٹ میں فرانسیسی اسٹار پال پوگبا نے گول کر کے فرانس کو برتری دلا دی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔