’یوگی جی! پہلے یوپی کو خوف و دہشت سے آزاد کریں پھر فلم سازوں کو مدعو کریں‘

این سی رہنما تاپسے نے کہا ہے کہ یوگی جی آپ ایک چیز بھول گئے ہیں۔ صنعت وتجارت کے لیے خوف ودہشت سے پاک ماحول کی ضرورت ہوتی ہے جو آپ کے اترپردیش میں کہیں دور دور تک نظر نہیں آ رہا ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

ممبئی: راشٹروادی کانگریس پارٹی کے ترجمان مہیش تاپسے نے نوئیڈا فلم سٹی کے حوالہ سے ممبئی کا دورہ کرنے والے اتر پردیش کے وزیر اعظم یوگی آدتیہ ناتھ پر طنز کرتے ہوئے صوبہ کے نظم و نسق کی ابتر صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ یوگی کو پہلے اتر پردیش کو خوف ودہشت سے آزاد کریں پھر فلم انڈسٹری کو وہاں لے جانے کے بارے میں سوچیں۔

واضح رہے کہ اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ فلم انڈسٹری کو ممبئی سے اترپردیش میں لے جانے کے لیے ممبئی میں فلمی اداکاروں و پروڈیوسروں سے بات کرنے کے لیے ممبئی آئے ہوئے تھے۔ مہیش تاپسے نے ان کی اس کوشش پر زبردست تنقید کی ہے۔


تاپسے نے کہا ہے کہ یوگی جی آپ ایک چیز بھول گئے ہیں۔ صنعت وتجارت کے لیے خوف ودہشت سے پاک ماحول کی ضرورت ہوتی ہے جو آپ کے اترپردیش میں کہیں دور دور تک نظر نہیں آرہا ہے۔ آپ کی ریاست میں عصمت دری، ڈاکہ زنی اور اغوا روز کا معمول بن چکا ہے۔ آپ اپنے شہریوں کو تو خوف ودہشت سے آزداد ماحول دے نہیں پار ہے ہیں اور ممبئی کے صنعت کاروں وفلم انڈسٹری سے جڑے لوگوں کا تحفظ کیسے فراہم کریں گے؟ پہلے اپنے یہاں سے خوف ودہشت کا ماحول ختم کریں پھر تاجروں وصنعت کاروں کو اپنے یہاں لے جانے کی کوشش کریں۔

وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بدھ کے روز ممبئی میں بیرون ملک مقیم صنعت کاروں سے کہا کہ تین سال میں اتر پردیش بہت کچھ بدلا ہے۔ ترقی نے رفتار پکڑ لی ہے۔ انویسٹرس سمٹ اور اس کے بعد دو تقریبات کے ذریعے تین لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری کا آنا اس بات کا ثبوت ہے۔ ترقی کی یہ رفتار عالمی وبا کورونا کے دوران بھی نہیں رکی۔ اس دوران تقریباً 45 ہزار کروڑ کی بیرونی سرمایہ کاری حاصل ہوئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔