تونیشا شرما موت معاملہ: شیزان خان میری بیٹی پر اسلام قبول کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہا تھا، اداکارہ کی ماں کا الزام
تونیشا شرما کی والدہ ونیتا شرما نے کہا کہ شیزان نے ایک دن تونیشا کو تھپڑ مارا تھا، اس نے اپنے موبائل میں دوسری لڑکی کی چیٹ دیکھ کر اس کے بارے میں سوال کر لیا تھا
ممبئی: ٹی وی اداکارہ تونیشا شرما خودکشی معاملہ میں اداکارہ کی ماں ونیتا شرما نے جمعہ کے روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وہ توشا کے دوستوں اور میڈیا کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ انصاف کی فراہمی تک یہ حمایت برقرار دہے۔ ونیتا شرما نے کہا کہ شیزان خان نے ایک دن تونیشا کو تھپڑ مارا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تونیشا نے شیزان کے موبائل میں کسی دوسری لڑکی چیٹ دیکھ لی تھی اور جب اس نے اس کے بارے میں سوال کیا تو شیزان نے تھپڑ مار دیا۔
ونیتا شرما نے پریس کانفرنس سے مزید کہا ’’تونیشا نے کہا تھا کہ شیزان نے اسے دھوکہ دیا ہے۔ اپنی بیٹی کو انصاف دلانے کے لیے میں آخری دم تک لڑوں گی۔ تونیشا نے بتایا تھا کہ شیزان سیٹ پر نشہ کرتا تھا۔ میں اس سے زیادہ کچھ نہیں جانتی۔‘‘
اسی دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا شیزان تونیشا پر مذہب اسلام اختیار کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہا تھا؟ اس پر ونیتا نے کہا ، ہاں ایسا ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خودکشی سے ایک دن پہلے وہ سیٹ پر گئی تھی، شیزان سے بات کی اور پوچھا یہ یہ تم نے کیا کیا؟ شیزان نے کہا میں کچھ نہیں کر سکتا، آپ کو جو کرنا ہے کرو!
تونیشا کی والدہ کا کہنا تھا کہ یہ قتل بھی ہو سکتا ہے۔ کیونکہ 15 منٹ میں کیا ہوا؟ اس کی لاش کو اتارنے والا شیزان ہی تھا۔ کیا شیزان کو پہلے نہیں معلوم تھا کہ اس کا مذہب کیا ہے؟ میرے شوہر حیات نہیں ہیں اور میری ایک ہی بیٹی تھی، میں نے اسے بڑے لاڈ سے پالا تھا۔
ونیتا نے کہا کہ انہوں نے تونیشا کی ہر خواہش پوری کی۔ انہوں نے کہا ’’مجھے ٹیٹو اور ڈوگی پسند نہیں لیکن ان لوگوں نے ٹیٹو بھی بنوائے اور کتا بھی گھر میں رکھا۔ اتنا ان لوگوں نے اپنے بس میں کیا تھا۔‘‘
ونیتا شرما نے کہا ’’میں شیزان کے ساتھ اس کی فیملی کو بھی ذمہ دار مانتی ہوں۔ یہ خودکشی نہیں کچھ اور ہے۔ میرے ذہن میں یہی سب آتا ہے، کچھ تو ہوا ہے۔ کیونکہ وہ آخری وقت میں وہاں موجود تھا اور اسی نے لاش نیچے اتارا۔ وہ تب زندہ تھی۔ کون جانے، اس نے کہا کہ تو مر جا۔ میں چاہتی ہوں کہ شیزان کو سزا ملے۔ شیزان کے فون میں چیٹ پڑھ کر دونوں کا بریک اپ ہوا۔ تونیشان خودکشی نہیں کر سکتی۔ وہ بار بار کہتی تھی کہ اسے دھوکہ دیا گیا ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔