’کون بنے گا کروڑپتی‘ کا 15واں سیزن ختم، امیتابھ بچن نے نم آنکھوں سے کہا ’کل سے ہم نہیں آئیں گے‘
’کون بنے گا کروڑپتی‘ کے اسٹیج پر امیتابھ بچن اپنے ناظرین کے ساتھ اکثر ذاتی زندگی کے تجربات شیئر کرتے ہوئے نظر آئے، کئی دفعہ تو ان کے اہل خانہ نے بھی اس شو میں شرکت کی اور کچھ اہم باتوں کا انکشاف کیا۔
چھوٹے پردے کا مشہور ریلٹی شو ’کون بنے گا کروڑپتی‘ تقریباً ہر گھر میں دیکھا جاتا ہے۔ اس شو کو لوگ اس لیے بھی دیکھتے ہیں کیونکہ امیتابھ بچن بالکل مختلف انداز میں اس کی نظامت کرتے ہیں۔ شو کے اسٹیج پر بگ بی یعنی امیتابھ بچن اپنے ناظرین کے ساتھ دل کھول کر ملتے ہیں، ان سے باتیں کرتے ہیں اور ان سے سوال پوچھتے ہیں۔ لیکن ’کون بنے گا کروڑپتی‘ کا 15واں سیزن اب ختم ہو چکا ہے۔ گزشتہ روز یعنی 29 دسمبر کو امیتابھ بچن نے شو کے اسٹیج سے سبھی سے وداعی لے لی۔ اس دوران امیتابھ انتہائی جذباتی نظر آئے۔
دراصل ’کون بنے گا کروڑپتی‘ کے پلیٹ فارم پر امیتابھ بچن اپنے ناظرین کے ساتھ اکثر ذاتی زندگی کے تجربات شیئر کرتے ہوئے نظر آتے رہے ہیں۔ فلموں سے جڑے قصے بھی وہ شیئر کرتے رہے اور کئی مربتہ تو امیتابھ کے گھر والے بھی شو میں پہنچے اور ان کی عادتوں کے بارے میں بتایا۔ ناظرین ان وجوہات سے بھی اس شو کو بہت پسند کرتے ہیں۔ ’کون بنے گا کروڑپتی‘ سیزن 15 کے آخری ایپیسوڈ میں شرمیلا ٹیگور، سارہ علی خان اور ودیا بالن شامل ہوئی تھیں۔ لیکن شو کے آخر میں جب بگ بی نے وداعی لی تو ان کی آنکھیں نم ہو گئیں۔
’کون بنے گا کروڑپتی‘ کے میکرس کی طرف سے اس لمحہ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ہے۔ ویڈیو میں امیتابھ بچن کہتے ہیں ’’دیویو اور سجّنوں، اب ہم جا رہے ہیں۔ کل سے یہ منچ نہیں سجے گا۔ اپنوں سے یہ کہہ پانا کہ کل سے ہم یہاں نہیں آئیں گے، نہ تو کہنے کی ہمت ہو پاتی ہے اور نہ ہی کہنے کا من ہوتا ہے۔ میں امیتابھ بچن اس دور کے لیے آخری بار اس اسٹیج سے کہنے جا رہا ہوں- شبھ راتری، شبھ راتری۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔