فلم ’استری 2‘ نے رقم کی تاریخ، کمائی کے معاملے میں شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ کو بھی چھوڑ دیا پیچھے
’استری 2‘ نے انڈین سنیما کی گھریلو باکس آفس پر سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلمیں جوان، پٹھان، انیمل، غدر-2، کے جی ایف-1 اور باہوبلی-2 کو پیچھے چھوڑ کر نمبر 1 کا ٹیگ اپنے نام کر لیا ہے۔
اداکارہ شردھا کپور اور راج کمار راؤ اسٹارر ہارر کامیڈی فلم ’استری 2‘ نے مزید ایک تاریخ رقم کر دی ہے۔ فلم ’استری 2‘ انڈین سنیما کی گھریلو باکس آفس پر سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی ہے۔ ’استری 2‘ نے شاہ رخ خان کی ’جوان‘ کے لائف ٹائم کلیکشن کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اب تک کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ہندی فلم بن گئی اور فلم انڈسٹری کی تاریخ میں اپنا نام درج کرا لیا ہے۔
ٹریڈ اینالسٹ ترن آدرش نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر اس خبر کی تصدیق ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’استری 2 نے تاریخ رقم کر دی، اب تک کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ہندی فلم بن گئی ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’استری 2‘ نے ’جوان‘ کا لائف ٹائم بزنس پار کر لیا ہے۔ اگلی منزل 600 کروڑ روپے کے کلب میں شامل ہونا ہے۔ ترن آدرشن نے بتایا کہ فلم نے پانچویں ہفتے جمعہ کو 3.60 کروڑ روپے، ہفتہ کو 5.55 کروڑ روپے، اتوار کو 6.85 کروڑ روپے، پیر کو 3.17 کروڑ روپے، منگل کو 2.65 کروڑ روپے، یعنی مجموعی طور پر 586 کروڑ روپے کمائے۔
شردھا کپور اور راج کمار راؤ کی اداکاری والی یہ فلم اپنے پانچویں ہفتہ میں بھی ناظرین کو متوجہ کر رہی ہے۔ ’استری 2‘ گزشتہ 15 اگست کو ریلیز ہوئی تھی۔ فلم نے 17 ستمبر تک اپنی ریلیز کے 34 دن پورے کر لیے ہیں۔ ’استری 2‘ آج 18 ستمبر کو 35ویں دن میں چل رہی ہے۔ ’استری 2‘ نے ان 34 دنوں میں انڈین سنیما کی گھریلو باکس آفس پر سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم جوان، پٹھان، انیمل، غدر 2، کے جی ایف 2 اور باہوبلی 2 کو پیچھے چھوڑ کر نمبر 1 کا ٹیگ اپنے نام کر لیا ہے۔
امر کوشک کے ذریعہ ہدایت کاری والی ’استری 2‘ نے نہ صرف اپنی پرکشش کہانی سے بلکہ ورون دھون اور اکشے کمار کے کیمیو کردار سے بھی ناظرین کو متوجہ کیا ہے۔ دونوں کی فلم میں ان کے تعاون کے لیے تعریف کی گئی ہے۔ بنیادی طور سے 2018 میں ریلیز ہوئی پہلی قسط ’استری‘ پہلے سے ہی ایک بڑی ہٹ تھی جس نے سیکوئل کے لیے بہت امیدیں جگائی تھیں۔ ’استری 2‘ ان امیدوں کو پار کرنے میں کامیاب رہی ہے، جس نے ملک بھر کے فلم شیدائیوں کے دلوں پر قبضہ کر لیا ہے۔ اس فلم میں شردھا کپور اور راج کمار راؤ کے ساتھ پنکج ترپاٹھی، ابھشیک بنرجی اور اپارشکتی کھرانہ بھی موجود ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔