سوشانت سنگھ معاملہ: ریا چکرورتی ای ڈی کے سامنے پیش، گھنٹوں پوچھ گچھ
اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی مبینہ خودکشی کے معاملے کی کلیدی ملزمہ ریا چکورتی جمعہ کے روز انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے سامنے پیش ہوئیں، اس سے قبل ان کے بھائی شووک سے قریب 2 گھنٹے پوچھ گچھ کی گئی
ممبئی: اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی مبینہ خودکشی کے معاملے کی کلیدی ملزمہ ریا چکرورتی جمعہ کے روز انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے سامنے پیش ہوئیں۔ ای ڈی نے منی لانڈرنگ معاملے میں پوچھ گچھ کے لئے آج ریا چکرورتی کو بلایا اور کئی گھنٹوں تک پوچھ گچھ چلتی رہی۔
ریا اپنے بھائی شووک کے ہمراہ جمعہ کی صبح ای ڈی کے دفتر پہنچی تھیں۔ شووک سے بھی ای ڈی نے تقریباً 2 گھنٹے پوچھ گچھ کی۔ واضح رہے کہ ریا چکرورتی پر سوشانت کے گھاتہ سے 15 کروڑ روپے نکالنے کا الزام ہے۔ سوشانت کے والد نے ریا پر یہ الزام عائد کیا ہے۔
ریا نے اس معاملے میں سپریم کورٹ میں سماعت تک ای ڈی سے ان کے خلاف سماعت کو ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی، لیکن تفتیشی ایجنسی نے ان کی اپیل مسترد کر دی۔ ریا کے وکیل ستیش منیشندے نے بتایا تھا کہ ان کی مؤکل نے ای ڈی سے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کی ہے۔
مرکزی ایجنسی سوشانت کے اہل خانہ کی جانب سے کی گئی شکایت پر ریا اور اس کے اہل خانہ کے اراکین کے خلاف منی لانڈرنگ معاملے میں جانچ کر رہی ہے۔ ای ڈی نے اس سے قبل چار اگست کو ریا کے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ رتیش شاہ سے پوچھ گچھ کی تھی۔ تفتیشی ایجنسی نے 3 اگست کو چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ سندیپ سریدھر سے جواب طلب کیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔