سدھارتھ شکلا کی پوسٹ مارٹم رپورٹ: موت کی کسی غیر معمولی وجہ کا انکشاف نہیں ہوا!

رپورٹ میں ذرائع کے حوالہ سے کہا گیا ہے کہ جن ڈاکٹروں نے پوسٹ مارٹم کیا ہے انہیں سدھارتھ شکلا کی موت کی کوئی غیر معمولی وجہ نہیں ملی۔

سدھارتھ شکلا / آئی اے این ایس
سدھارتھ شکلا / آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

ممبئی: ٹی وی اداکار اور بگ باس کے فاتح سدھارتھ شکلا کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کچھ بھی مشکوک نہیں پایا گیا ہے۔ سدھارتھ شکلا کا دو روز قبل دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہو گیا تھا۔ این ڈی ٹی وی کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالہ سے کہا گیا ہے کہ جن ڈاکٹروں نے پوسٹ مارٹم کیا ہے انہیں سدھارتھ شکلا کی موت کی کوئی غیر معمولی وجہ نہیں ملی۔ ڈاکٹروں نے تاحال سدھارتھ شکلا کی موت کسی حادثہ کی وجہ سے ہونے سے انکار کیا ہے۔ لہذا ان کے وسرا کو کیمیائی تجزیہ کے لیے بھیجا گیا ہے۔

اس سے قبل سدھارتھ شکلا کی لاش کا پوسٹ مارٹم تین ڈاکٹروں کی ٹیم نے انجام دیا تھا۔ ذرائع کے مطابق پوسٹ مارٹم میں کوئی بیرونی یا اندرونی چوٹ نہیں ملی تھی۔ وسرا کے نمونے کیمیکل ٹیسٹ کے لیے بھیجے گئے تھے۔ ذرائع نے اس وقت کہا تھا کہ ہسٹو پیتھالوجی کے بعد ہی موت کی اصل وجہ کا انکشاف ہو سکے گا۔


خیال رہے کہ 40 سالہ ٹی وی اور فلمی اداکار سدھارتھ شکلا کی جمعرات کے روز مبینہ طور پر دل کا دورہ پڑنے سے موت ہو گئی تھی۔ اسپتال کی جانب سے کہا گیا تھا کہ سدھارتھ شکلا کو مردہ حالت میں لایا گیا۔ ان کے دوستوں کے مطابق سدھارتھ شکلا نے رات کو بے چینی کی شکایت کی تھی۔ جب وہ صبح نیند سے بیدار نہیں ہوئے تو فیملی ڈاکٹر کو بلایا گیا۔ ڈاکٹر نے گھر والوں کو مشورہ دیا کہ انہیں فوری طور پر اسپتال لے کر جائیں۔

سدھارتھ شکلا نے بطور ماڈل اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور ٹی وی شو ’بابل کا آنگن چھوٹے نا‘ میں مرکزی کردار کے ساتھ اپنی اداکاری کا سفر شروع کیا تھا۔ وہ بلاک بسٹر شو ’بالیکا ودھو‘ اور ’جانے پہچانے سے، یہ اجنبی‘، 'لو یو زندگی' جیسے شوز میں نظر آئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔