پورنوگرافی معاملہ: ضمانت منظور ہونے پر 2 مہینے بعد جیل سے رہا ہوئے راج کندرا
پورنوگرافی معاملہ میں پھنسے شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا آخرکار دو مہینے بعد جیل سے باہر آ گئے ہیں، پیر کے روز مجسٹریٹ کورٹ نے انہیں 50 ہزار روپے کے مچلکہ پر ضمانت دی تھی۔
نئی دہلی: پورنوگرافی کیس میں پھنسے شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا آخرکار دو مہینے بعد 21 ستمبر کو جیل سے رہا ہو گئے۔ مجسٹریٹ کورٹ نے پیر کے روز انہیں 50 ہزار کے مچلکہ پر ضمانت دے دی تھی۔ اب 64 دن جیل کی سلاخوں کے پیچھے گزارنے کے بعد راج کندرا کو راحت حاصل ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مظفرنگر فسادات: ثبوتوں کی عدم موجودگی کے سبب 20 ملزمان بری
خیال رہے کہ راج کندرا پر فحش مواد تیار کرانے اور انہیں ایپس پر اپلوڈ کرنے کا الزام ہے۔ اس معاملہ میں راج کے علاوہ دوسرے ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔ طویل پوچھ گچھ کے بعد راج کندرا کو 19 جولائی کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ اس معاملہ میں ممبئی کرائم برانچ کے عہدیداران کچھ وقت پہلے ہی سپلیمنٹری چارج شیٹ داخل کر چکے ہیں۔ چارج شیٹ 1467 صفحات پر مشتمل ہے، جس میں 43 گواہوں کے بیانات ہیں۔
راج کندرا کی درخواست ضمانت منظور ہونے کے بعد شلپا شیٹی نے سوشل میڈیا پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے انسٹاگرام اسٹوری پر آسمان میں پھیلے قوس قزح کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ’قوس قزح کا وجود یہ بتانے کے لئے ہے کہ ایک برے طوفان کے بعد بھی خوبصورت چیزیں ہو سکتی ہیں۔
مجسٹریٹ کورٹ میں راج کندرا کی درخواست ضمانت منظور ہونے کے بعد ان کے وکیل پرشانت پاٹل نے کہا کہ کس ایپ پر کیا اپلوڈ ہونا ہے اس کا فیصلہ مشہور ہستیاں اور پروڈیوسر کرتے ہیں۔ راج کندرا یا ریان کے ہاتھ میں کچھ نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ 1400 صفحات کی چارج شیٹ میں ایک بھی ثبوت ایسا نہیں ہے جو یہ ظاہر کرتا ہو کہ راج فحش مواد اپلوڈ کر رہے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔