کشمیر میں تفریح کے لئے ’ملٹی پلیکس‘ سینما گھر قائم کیے جائیں گے: گورنر ستیہ پال
ستیہ پال مالک نے کہا کہ ہمارے ایک ساتھی نے ملٹی پلیکس سینما گھر بنانے کی ٹھان لی ہے، مجھے لگتا ہے کہ وہ بہت جلد بن جائے گا۔ دیہات میں تو تفریح کے بہت سارے ذرائع ہیں، لیکن شہروں میں دقت ہوتی ہے۔
سری نگر: جموں وکشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک نے کہا کہ وادی کشمیر میں لوگوں کی تفریح کے لئے ایک سے زیادہ اسکرینوں والے سینما گھر یعنی 'ملٹی پلیکس' قائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ایک ساتھی نے سری نگر میں ایک ملٹی پلیکس سینما گھر قائم کرنے کی ٹھان لی ہے اور مجھے امید ہے کہ یہ بہت جلد بن جائے گا۔
گورنر موصوف ہفتہ کے روز یہاں شہرہ آفاق ڈل جھیل کے کنارے پر واقع شیر کشمیر انٹرنیشنل کنونشن سنٹر میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ یہ تقریب ڈی ڈی فری ڈش سیٹ ٹاپ باکسز کی تقسیم کاری کے سلسلے میں منعقد کی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ’مجھے اس بات کا بہت افسوس ہے کہ کشمیر میں شام کے چھ بجے کے بعد کرنے کو کچھ نہیں ہوتا ہے۔ دسیوں سال سے سینما گھر بند ہیں۔ آپ کافی ہاؤس کھولنا چاہیں گے تو لائسنس حاصل کرنے میں چار سال لگیں گے۔ کوئی جگہ نہیں ہے جہاں لوگ تفریح کے لئے جاسکتے ہیں۔ یہاں کے لوگ اتنے زندہ دل ہیں کہ چھٹی کے دن آپ کو پارکوں میں ایک ساتھ کھانا کھاتے ہوئے ملیں گے۔ لیکن ہم انہیں کچھ دے نہیں پائے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’اب ہمارے ایک ساتھی نے ملٹی پلیکس سینما گھر بنانے کی ٹھان لی ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ وہ بہت جلد بن جائے گا۔ ہمارے دیہات میں تو تفریح کے بہت سارے ذرائع ہیں۔ لیکن شہروں میں دقت ہوتی ہے۔ انہیں تفریح کے لئے ٹی وی اور ریڈیو کا استعمال کرنا پڑتا ہے۔ ڈی ڈی کاشیر نے اس مسئلے کو کافی حد تک دور کیا ہے۔ لوگ اس کے پروگرامز کو پسند کرتے ہیں‘۔
گورنر ستیہ پال ملک نے اس سے قبل گزشتہ برس کے 24 اکتوبر کو ایک نجی ٹی وی نیوز چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ وادی کا پہلا ملٹی پلیکس سینما گھر معروف کشمیری ماہر تعلیم اور سیاستدان آنجہانی ڈی پی دھر کے بیٹے اور دہلی پبلک اسکول (ڈی پی ایس) سری نگر کے چیئرمین وجے دھر کی جانب سے قائم کیا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 22 Jun 2019, 8:10 PM