کنڑ فلم اداکار پنیت راجکمار کا دل کا دورہ پڑ جانے سے انتقال

کنڑ فلموں کے معروف اداکار پنیت راجکمار کا آج یہاں انتقال ہوگیا، پنیت (47) کو صبح دل کا دورہ پڑنے کے بعد شہر کے وکرم اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا

پنیت راجکمار / ٹوئٹر
پنیت راجکمار / ٹوئٹر
user

قومی آواز بیورو

بنگلورو: کنڑ فلموں کے معروف اداکار پنیت راجکمار کا آج یہاں انتقال ہوگیا۔ پنیت (47) کو صبح دل کا دورہ پڑنے کے بعد شہر کے وکرم اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ پنیت کی حالت نازک ہے اور ان کی جان بچانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔

اسپتال کی جانب سے دئے گئے بیان میں کہا گیا کہ پنیت کو 29 اکتوبر کی صبح 11.40 بجے سینے میں درد کی شکایت کے بعد اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، اب ان کا انتقال ہو گیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ اسپتال میں داخلہ کے وقت پنیت راج کمار کے بدن میں کوئی حرکت نہیں تھی۔ ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے فوری طور پر ان کا علاج کرنا شروع کر دیا تھا۔

خیال رہے کہ پنیت معروف اداکار آنجہانی ڈاکٹر اجکمار کے سب سے چھوٹے بیٹے تھے۔ ان کے بڑے بھائی شیوراج کمار بھی کنڑ فلمی دنیا کی معروف ہستی ہیں۔ پنیت کا اصلی نام لوہت راجکمار تھا۔ ان کی شادی 1999 میں اشونی ریوناتھ سے ہوئی تھی۔

پنیت کی پہلی فلم ’اپو‘ تھی جو 2002 میں ریلیز ہوئی تھی۔ انہیں آکاش (2005)، ارسو (2007)، ملن (2007) اور ونشی (2008) جیسی فلموں میں اپنی اداکاری کیلئے شہرت ملی۔ اس سے پہلے وہ کئی فلموں میں چائلڈ آرٹسٹ کے طورپر کام کرچکے تھے۔ انہوں نے کچھ فلمی گانوں کو اپنی آواز بھی دی۔ وہ کنڑ فلم صنعت میں بہت زیادہ محنت کرنے والے اداکاروں میں شامل تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔