رام گوپال ورما کو ’دروپدی ‘ والا ٹویٹ مہنگا پڑا، ایف آئی آر درج
لکھنؤ کے حضرت گنج کوتوالی پولیس اسٹیشن میں معروف فلم ہدایت کار رام گوپال ورما کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
اپنے عجیب و غریب بیانات اور ٹویٹس کی وجہ سے خبروں میں رہنے والے فلم ہدایت کار رام گوپال ورما اب اپنے ایک ٹویٹ کی وجہ سے تنازعات میں گھر گئے ہیں۔ لکھنؤ کے حضرت گنج کوتوالی پولیس اسٹیشن میں رام گوپال ورما کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
یہ معاملہ رام گوپال ورما کے ٹویٹ سے متعلق ہے، جو انہوں نے حال ہی میں صدارتی امیدوار دروپدی مرمو سے جوڑ کر دیا تھاانہوں نے اس ٹویٹ میں پانڈو اور کورووں کے بارے میں سوال کیا تھا۔ اس ٹویٹ کے بعد ہدایت کار کو سوشل میڈیا پر بہت زیادہ ٹرول کیا گیا۔ حالانکہ ٹرولنگ کے بعد رام گوپال ورما نے وضاحت کی تھی لیکن اب اس معاملے میں ان کے خلاف شکایت درج کرائی گئی ہے۔
ہدایت کار رام گوپال ورما نے اپنے ٹویٹ میں لکھا، 'اگر دروپدی صدر ہیں تو پانڈو کون ہیں؟ سب سے اہم بات یہ ہے کہ پھر کوروا کون ہیں؟ ڈائریکٹر کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر لوگ مشتعل ہو گئے اور ان کی شدید تنقید کی گئی، جس کے بعد ہدایت کار کو اپنے ٹویٹ پر وضاحت دینا پڑی۔
جب رام گوپال ورما صدارتی امیدوار دروپدی مرمو کے بارے میں ٹویٹ کرنے کے بعد ٹرولز کے نشانے پر آئے تو انہیں اپنی غلطی کا احساس ہوا، جس کے بعد ڈائریکٹر نے اپنے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر ٹویٹ کرکے وضاحت کی۔ اگلے ٹویٹ میں رام گوپال نے لکھا، 'میں نے جو لکھا اس کی غلط تشریح نہیں کی جائے۔ مہابھارت میں دروپدی کا کردار میرا پسندیدہ کردار ہے، اس لیے ملتے جلتے ناموں کی وجہ سے مجھے متعلقہ کردار یاد آ گئے۔ میرا اس بیان کے ذریعہ کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا قطعی طور پر کوئی ارادہ نہیں ہے۔‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔