دلیپ کمار کے دوسرے بھائی کا بھی کورونا وائرس سے انتقال

تجربہ کار اداکار دلیپ کمار کے ایک اور چھوٹے بھائی احسان خان کا رات 11 بجے ممبئی کے لیلاوتی اسپتال میں کورونا وائرس کے انفیکشن کے باعث فوت ہو گئے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

ممبئی: بالی ووڈ میں شہنشاہ جذبات کے لقب سے مشہور دلیپ کمار کے ایک اور چھوٹے بھائی احسان خان دیر رات گئے ممبئی کے لیلاوتی اسپتال میں کورونا وائرس کے انفیکشن کے باعث فوت ہوگئے۔ ان کا علاج کر رہے ڈاکٹر جلیل پارکر نے ان کے انتقال کی تصدیق کی۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ 90 سالہ احسان خان کا کووڈ-19 کا علاج چل رہا تھا اور وہ پہلے سے ہی عارضہ دل، ہائپر ٹینشن اور الزائمر جیسے مرض میں مبتلا تھے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل دلیپ کمار کے ایک اور چھوٹے بھائی اسلم خان کا بھی کورونا وائرس کے انفیکشن کی وجہ سے انتقال ہو گیا تھا۔ 88 سالہ اسلم خان کو بھی ممبئی کے لیلاوتی اسپتال میں علاج کے لئے داخل کرایا گیا تھا۔ دونوں بھائی احسان خان اور اسلم خان میں 15 اگست کو کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور تبھی انہیں ممبئی کے لیلاوتی اسپتال میں داخل کرا دیا گیا تھا۔ اسلم خان کا 21 اگست کو انتقال ہو گیا تھا۔


احسان خان اور اسلم خان کو کورونا سے متاثر ہونے کے بعد جب 15 اگست کی رات اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا تو دونوں بھائیوں کی آکسیجن کی سطح کافی کم تھی۔ واضح رہے کہ دلیپ کمار 97 سالہ کے ہو چکے ہیں اور ان کی بیوی سائرہ بانو ان کی دیکھ بھال کرتی ہیں اور وہ سوشل میڈیا پر فعال رہتی ہیں اور مداحوں کو پوسٹ کر کے ان کے صحت سے متعلق معلومات دیتی رہتی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 03 Sep 2020, 8:20 AM