ریکھا آج بھی دلکش و حسین ہیں

سال1981 میں ریکھا نے فلم ’امراﺅ جان‘ میں طوائف کا کردار ادا کیا اورانہوں نے اپنی اداکاری سے  اس کردار کو ناقابل فراموش بنا دیا۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>

فائل تصویر آئی اے این ایس

user

یو این آئی

بالی وڈ میں اپنی استقامت کے لیے مشہور اور ہندوستانی سنیما کی بہترین اداکاراؤں میں شمار ریکھا کوجہاں ان کی بہترین اداکاری کے لیے یاد کیا جاتا ہے وہیں ان کی پراسراریت بھی ان کی جاذب نظر شخصیت کا حصہ رہی ہے۔ ریکھا کی پیدائش 10 اکتوبر 1954 کو تمل ناڈو کے شہر مدراس میں ہوئی اُن کا حقیقی نام بھانو ریکھا گنیشن ہے ان کے والد تمل اداکار جیمنی گنیشن اوروالدہ تیلگو اداکارہ پشپاویلی ہیں اور جب ریکھا کی پیدایش ہوئی تھی تب یہ جوڑا غیر شادی شدہ تھا۔

بچپن سے ہی تیلگو فلموں سے اپنا فلمی سفر شروع کرنے والی ریکھا کو کافی جدوجہد کرنی پڑی۔انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز محض 11 برس کی عمر میں تمل فلموں سے کیا تھا اور رفتہ رفتہ انھوں نے بالی ووڈ میں قدم رکھے جہاں انھوں نے یش چوپڑا جیسے ڈائریکٹرز کی فلموں میں اپنی اداکاری کے جلوے بکھیرے۔ ریکھا سال 1969 میں ہندی فلم ’دو شکاری‘ میں بطور ہیروئن جلوہ گر ہوئیں اور جلد ہی فلمی دنیا پر راج کرنے لگیں۔


سال 1976 میں ریکھا نے پہلی بار امیتابھ بچن کے ساتھ فلم ’دو انجانے‘ میں کام کیا اور فلم کو امر کردیا۔ اس کے بعد یہ جوڑی نٹور لال، خون پسینہ اور بہت سی فلموں میں ایک ساتھ نظر آئی ۔ سال 1978 میں فلم ’مقدرکا سکندر‘ نے ریکھا کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچادیا اورانہیں فلم فیئر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ریکھا کی جوڑی اداکار امیتابھ بچن کے ساتھ بے حد پسند کی گئی اور دونوں نے کئی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا۔ اداکاری کے ساتھ ساتھ ریکھا کی رقص کی صلاحیتوں کو بھی فلم بینوں نے خوب سراہا۔

ریکھا کی کامیاب فلموں میں ساون بھادو، رام پور کا لکشمن، گورا کالا، کہانی قسمت کی، نمک حرام، دھرم کرم، دھرماتما، اتسو، مقدر کا سکندر، سلسلہ، پیار کی جیت، پھول بنے انگارے، زبیدہ، کوئی مل گیا وغیرہ شمار کی جاتی ہیں جنہوں نے بے پناہ مقبولیت حاصل کی۔


یوں تو ریکھا نے ہندی کی متعدد کامیاب فلموں میں کام کیا۔ لیکن سال1981 میں انہوں نے فلم ’امراﺅ جان‘ میں طوائف کا کردار ادا کیا اور اس کردار کو ناقابل فراموش بنا دیا۔ ریکھا نے اس فلم میں ادا کاری کے لیے باقاعدہ اردو زبان سیکھی تھی۔ اسی لیے اشعار و مکالموں کی ادائیگی میں زبردست برجستگی ہے۔ یہ فلم ان کی زندگی میں بہت بڑا موڑ ثابت ہوئی کیونکہ اس کے بعد ان کی کامیابی آسمان کو چھونے لگی۔

ان کی خانگی زندگی بے حد ناکام رہی۔ فلم انڈسٹری میں کبھی ان کا معاشقہ فلم اداکار ونود مہرا کے ساتھ تھا اور کبھی امیتابھ بچن کے ساتھ ان کا نام لیا جاتا تھا۔ ان کےعلاوہ نوین نشچل، وشوجیت، جتیندر، شتروگھن، سنجے دت اور اکشے کمار کے ساتھ بھی ان کا نام جوڑا گیا۔


ریکھا نے دہلی کے ایک بڑے تاجر مکیش اگروال سے سال 1990 میں شادی کی تھی لیکن ایک سال بعد ہی مکیش نے خودکشی کر لی تھی۔ فلم لجا میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ یافتہ ریکھا کو 2010 میں اعلیٰ ترین شہری اعزاز پدم شری سےبھی نوازاگیا۔واضح رہے کہ بالی ووڈ فلم نگری میں اپنی اداکارانہ صلاحیتوں کے جوہر دکھانے والی ریکھا اب تک 180سے زائد فلموں میں کئی لازوال کردار نبھا چکی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔