بنگلورو ڈرگس معاملہ: وویک اوبرائے کی ممبئی واقعہ رہائش پر پولیس کی چھاپہ ماری
کرناٹک پولیس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ آدتیہ الوا فرار چل رہا ہے۔ وویک اس کے رشتہ دار ہیں اور ہمیں اطلاع ملی تھی کہ ملزم ان کے گھر پر ہو سکتا ہے۔
ممبئی: بنگلورو سے متعلق منشیات کے ایک معاملے کے سلسلے میں پولیس نے جمعرات کے روز بالی ووڈ اداکار وویک اوبرائے کی رہائش پر چھاپہ مارا اور تلاشی لی۔ بنگلورو پولیس نے یہ کارروائی آدتیہ الوا کی تلاش میں کی۔ آدتیہ الوا کرناٹک کے سابق وزیر جیوا راج الوا کے بیٹے ہیں اور وویک اوبرائے ان کے بہنوئی ہیں۔ آدتیہ پر منشیات کے کاروبار میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔
اس غیر قانونی تجارت کے تحت منشیات کی کھیپ کنڑ فلم انڈسٹری کے مشہور گلوکاروں اور اداکاروں تک پہنچائی جاتی تھی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بنگلور پولیس نے ممبئی میں وویک اوبرائے کے گھر کی تلاشی لی، پولیس کو شبہ تھا کہ آدتیہ الوا اپنے بہنوئی کے گھر میں چھپا ہو سکتا ہے۔
کرناٹک پولیس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ آدتیہ الوا فرار چل رہا ہے۔ وویک اس کے رشتہ دار ہیں اور ہمیں اطلاع ملی تھی کہ ملزم ان کے گھر پر ہو سکتا ہے۔ لہذا، عدالت سے وارنٹ حاصل کرنے کے بعد کرائم برانچ کی ٹیم وویک اوبرائے کی ممبئی واقع رہائش پر پہنچی تھی۔ تاہم، اس دوران کیا ہوا اس کے بارے میں کوئی تفصیل نہیں دی گئی ہے۔ بنگلورو میں پہلے ہی آدتیہ الوا کے گھر کی تلاشی لی جا چکی ہے۔
کرناٹک پولیس نے پہلے ہی اس معاملے میں اداکارہ راگینی دویدی اور سنجنا گیلانی کو گرفتار کرلیا ہے۔ آدتیہ الوا کی گرفتاری سے کئی اہم شخصیات کے ناموں کا انکشاف ہو سکتا ہے، تاہم ابھی تک وہ پولیس کی گرفت میں نہیں آ سکا ہے۔ خیال رہے کہ مہاراشٹرا میں اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت سے متعلق ڈرگس کیس کے علاوہ کرناٹک میں بھی منشیات کے ایک گروہ کا پردہ فاش ہوا ہے۔ بنگلور پولیس کی کرائم برانچ کی ٹیم مسلسل اس معاملے کی تہہ تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔