’بالیکا ودھو‘ اور ’بدھائی ہو‘ کی ’دادی‘ سُریکھا سیکری کا 75 سال کی عمر میں انتقال
فلمی اور ٹی وی دنیا کی معروف بزرگ اداکارہ سُریکھا سیکری کا جمعہ کی صبح حرکت قلب کے بند ہو جانے کے سبب انتقال ہو گیا، سُریکھا سیکری کو بالیکا ودھو میں ان کے کردار ’دادی سا‘ کے لئے یاد کیا جاتا ہے
ممبئی: فلم اور ٹی وی دنیا کی معروف بزرگ اداکارہ سُریکھا سیکری کا جمعہ کی صبح حرکت قلب کے بند ہو جانے کے سبب انتقال ہو گیا۔ ان کی عمر 75 سال تھی اور وہ مدت طویل سے علیل چل رہی تھیں۔ سُریکھا سیکری کو بالیکا ودھو میں ان کے کردار ’دادی سا‘ کے لئے یاد کیا جاتا ہے۔ سال 2020 میں وہ دو مرتبہ برین اسٹروک سے متاثر ہوئی تھیں، تبھی سے ان کی طبیعت ناساز چل رہی تھی۔ سال 2018 میں سریکھا سیکری کو فالج کا بھی اسٹروک آیا تھا۔
تین مرتبہ قومی ایوارڈ حاصل کر چکیں سریکھا سیکری کے انتقال سے بالی ووڈ اور ٹی وی کی دنیا میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مشہور ہستیوں نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہیں آخری مرتبہ فلم ’بدھائی ہو‘ میں دیکھا گیا تھا اور اس کے بعد ایک انہوں نے ویب سیریز ’گھوسٹ اسٹوریز‘ میں کام کیا تھا۔
سریکھا سیکری کی پیدائش اتراکھنڈ (اس وقت اتر پردیش) کے شہر الموڑا میں 1945 میں ہوئی تھی اور انہوں نے ٹھیئٹر، فلموں اور ٹی وی میں کافی کام کیا۔ سریکھا کے والد ایئر فورس میں تھے اور والدہ ایک ٹیچر تھیں۔ سریکھا نے ہیمنت ریگے کے ساتھ شادی کی تھی اور ان کا ایک بیٹا ہے جس کا نام راہل سیکری ہے۔ سریکھا کے شوہر ہیمنت کا 20 اکتوبر 2009 میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہو گیا تھا۔
سریکھا نے سال 1978 میں ریلیز ہونے والی ’قصہ کرسی کا‘ سے فلموں میں ڈیبیو کیا تھا۔ انہیں تین مرتبہ بیسٹ سپورٹنگ ایکٹریس کا قومی ایوارڈ حاصل ہو چکا تھا۔ انہیں یہ اعزاز تمس (1988)، ممو (1995) اور بدھائی ہو (2018) میں بہترین ادکاری کے لئے فراہم کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ سریکھا ایک فلم فیئر ایوارڈ، ایک اسکرین ایوارڈ اور 6 انڈین ٹیلی ویزن اکیڈمی ایوارڈ بھی حاصل کر چکی تھیں۔
سریکھا سیکری نے اپنے لمبے اداکاری کے سفر کے دوران کئی دمدار رول ادا کئے لیکن انہیں گھر گھر میں مشہور بنایا ’بالیکا ودھو‘ میں ان کے کردار ’دادی سا‘ نے۔ اس ٹی وی سیرئل میں ان کا نام ’کلیانی دیوی‘ تھا اور لوگوں نے ان کے رول کو کافی پسند کیا تھا۔ سریکھا نے سال 2018 میں آنے والی فلم بدھائی ہو میں بھی دادی یعنی ’درگا دیوی کوشک‘ کا کرردار ادا کیا تھا۔ اس رول میں بھی سریکھا نے لوگوں کا دل جیت لیا تھا اور انہیں اس کے لئے ’نیشنل ایوارڈ‘ سے نوازا گیا تھا۔ سریکھا ویل چیئر پر بیٹھ کر اس ایوارڈ کو حاصل کرنے پہنچی تھیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 16 Jul 2021, 11:55 AM