انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے پھر بری خبر، ’کیونکہ ساس بھی کبھی بہو تھی‘ کے اداکار کی لٹکی ملی لاش
ٹی وی کے معروف اداکار اور ماڈل سمیر شرما کی موت واقع ہوگئی ہے۔ سمیر شرما کی لاش ان کے گھر کے کچن میں پنکھے سے لٹکتی ہوئی ملی ہے۔ بلڈنگ کے چوکیدار نے رات میں باہر سے دیکھا اور پولیس کو اطلاع دی۔
ممبئی: سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کا معاملہ ابھی ٹھنڈا بھی نہیں ہوا تھا کہ انٹرٹنمنٹ انڈسٹری سے ایک اور بری خبر آئی ہے۔ ٹی وی کے معروف اداکار اور ماڈل سمیر شرما کی موت واقع ہوگئی ہے۔ سمیر شرما کی لاش ان کے گھر کے کچن میں لٹکتی ہوئی ملی ہے۔ بلڈنگ کے چوکیدار نے رات میں باہر سے دیکھا اور پولیس کو اطلاع دی۔
خبر رساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق سمیر شرما کی لاش ممبئی کے ملاڈ ویسٹ کے اہینسا مارگ میں واقع نیہا سی ایچ ایس اپارٹمنٹ میں لٹکی ہوئی ملی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ سمیر شرما نے بدھ کی رات گلے میں پھندہ لگا کر خودکشی کی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ سمیر شرما نے یہ اپارٹمنٹ فروری میں کرایہ پر لیا تھا۔ لاش کی حالت دیکھتے ہوئے پولیس کو شبہ ہے کہ سمیر شرما نے ایک یا دو دن پہلے خودکشی کرلی تھی۔ جائے موقع پر کوئی خودکشی نوٹ نہیں ملا ہے۔
سمیر شرما 44 سال کے تھے اور انہیں اسٹار پلس کے مشہور ٹی وی شو یہ رشتے ہیں پیار کے میں کوہو کے والد کے رول کے لئے جانا جاتا تھا۔ ملاد پولیس نے یہ اطلاع دی ہے کہ سمیر شرما کی لاش گزشتہ رات برآمد ہوئی تھی۔ ایف آئی آر میں موت کی وجہ حادثہ قرار دی گئی ہے۔ پولیس نے خودکشی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
سمیر شرما دہلی کے رہائشی تھے اور تعلیم مکمل کرنے کے بعد وہ بنگلورو میں رہنے لگے تھے۔ یہاں انہوں نے کئی طرح کے کام کیے جن میں اشتہار کی ایجنسی سے لے کر ریڈیو سٹی تک کے لئے کم کرنا شامل ہے۔ اپنی اداکاری کے شوق کو پورا کرنے کے لئے وہ ممبئی شفٹ ہو گئے اور اسٹار ون کے سیرئل ’دل کیا چاہتا ہے‘ سے اپنی ادکاری کی شروعات کی۔ اس کے بعد انہیں ’کہانی گھر گھر کی‘ میں کام کرنے کا موقع ملا۔
یہ بھی پڑھیں : کورونا وائرس سے دنیا بھر میں سات لاکھ سے زائد ہلاکتیں
سمیر شرما نے ٹی وی سیریل ’کہانی گھر گھر کی، کیونکہ ساس بھی کبھی بہو تھی، لیفٹ رائٹ لیفٹ، ’اس پیار کو کیا نام دوں‘، ’جیوتی‘، ’وہ رہنے والی محلوں کی‘ اور ’یہ رشتے ہیں پیار کے‘ میں کام کیا ہے۔ سمیر شرما ’ہنسی تو پھنسی‘ اور ’اتفاق‘ جیسی ہندی فلموں میں کام کر چکے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔