سنجے دت کی بیماری کا پتہ لگتے ہی بیگم دوبئی سے ہندوستان پہنچیں، ریلیز کیا جذباتی پیغام

سنجے دت کی بیوی مانیتا دَت نے ہندوستان پہنچنے کے بعد ایک پیغام ریلیز کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ”سنجو ہمیشہ سے ہی فائٹر رہے ہیں، اور اس لیے ہماری فیملی بھی لڑتی رہی ہے۔“

سنجے دت، تصویر انسٹاگرام
سنجے دت، تصویر انسٹاگرام
user

تنویر

بالی ووڈ کے مشہور و معروف اداکار سنجے دَت کو پھیپھڑے کا کینسر ہونے کی خبر منگل کی شب جیسے ہی پھیلی، ان کے چاہنے والوں پر جیسے غم کا ایک پہاڑ ٹوٹ پڑا۔ حالانکہ سنجے دت نے سوشل میڈیا پر کہا تھا کہ وہ اپنا علاج کرانے کے لیے کام سے کچھ دن کے لیے آرام لے رہے ہیں اور جلد لوٹیں گے، لیکن انھوں نے پھیپھڑے کے کینسر سے متعلق جانکاری نہیں دی تھی۔ جب یہ خبر پھیلی تو دوبئی میں بچوں کے ساتھ رہ رہی سنجے دَت کی بیگم مانیتا دَت بھی پریشان ہو گئیں اور فوراً ہندوستان آ گئی ہیں۔

سنجے دَت کی بیماری سے متعلق آج مانیتا دَت نے ایک جذباتی پیغام جاری کیا ہے جس میں انھوں نے سنجے دَت کے چاہنے والوں سے اپیل کی ہے کہ بہتر صحت کے لیے دعائیں کریں۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا ہے کہ کسی افواہ پر بھروسہ نہ کریں اور سنجو بابا بہت جلد صحت یاب ہو کر سامنے آئیں گے۔ حالانکہ انھیں کیا بیماری ہے، اس سے متعلق اپنے جاری کردہ بیان میں مانیتا دَت نے کوئی تذکرہ نہیں کیا ہے۔ وہ لکھتی ہیں کہ "میں ان سبھی کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنھوں نے سنجو کے جلد از جلد ٹھیک ہونے کی دعائیں مانگی ہیں۔ ہمیں اس مصیبت کی گھڑی سے باہر آنے کے لیے آپ سب کی دعاؤں کی ضرورت ہے۔"


اپنے پیغام میں مانیتا دَت آگے لکھتی ہیں کہ "اس فیملی نے پہلے بھی بہت کچھ برداشت کیا ہے، لیکن مجھے یقین ہے کہ یہ وقت بھی گزر جائے گا۔ حالانکہ آپ سب سے میری یہ گزارش ہے کہ سنجو کے چاہنے والے کسی بھی طرح کی افواہوں پر دھیان نہ دیں۔ ہماری مدد کریں اور اپنی محبت اسی طرح برقرار رکھیں۔ سنجو ہمیشہ سے ہی فائٹر رہے ہیں، اور اس لیے ہماری فیملی بھی لڑتی رہی ہے۔"

قابل ذکر ہے کہ سنجے دَت کے ایک دوست نے ان کے پھیپھڑے میں کینسر کی تشخیص کا انکشاف منگل کے روز کیا تھا۔ انھوں نے کہا تھا کہ "بابا تباہ ہو گیا ہے۔ اس کے چھوٹے چھوٹے بچے ہیں۔ وہ ابھی اپنی ماں کے ساتھ دوبئی میں ہیں۔ لیکن اس بھیانک خبر کو سننا ان کے لیے بہت مشکل ہوگا۔" بتایا جا رہا ہے کہ کینسر ایڈوانسڈ اسٹیج میں پہنچ چکا ہے اس لیے سنجے دَت نے فوری طور پر علاج کرانے کا فیصلہ کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 12 Aug 2020, 2:35 PM