آرین خان کی جیل سے رہائی آج ہوگی، ’منت‘ سے نکلا گاڑیوں کا قافلہ

آرین کی رہائی سے قبل ان کے گھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، جمعہ سے ہی شاہ رخ خان کی رہائش پر جشن کا ماحول نظر آ رہا ہے

شاہ رخ خان کا بیٹا آرین خان / Getty Images
شاہ رخ خان کا بیٹا آرین خان / Getty Images
user

قومی آواز بیورو

ممبئی: بحری جہاز میں منشیات کی ریو پارٹی میں شرکت کرنے کے الزامات کے تحت ممبئی ہائی کورٹ سے ضمانت حاصل کیے فلم اداکار شاہ رخ خان کے فرزند آرین خان کی ممبئی کی آرتھر روڈ جیل سے رہائی آج بروز سنیچر عمل میں آئے گی۔ آج تک کی رپورٹ کے مطابق علی الصبح 5.30 بجے ہی آرتھر روڈ جیل کا بیل باکس کھول دیا گیا ہے۔ آرین کی رہائی سے قبل ان کے گھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، جمعہ سے ہی شاہ رخ خان کی رہائش پر جشن کا ماحول نظر آ رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق آرتھر روڈ جیل کے افسران نے بتایا کہ انہیں آرین کی ضمانت سے متعلق حکم نامہ موصول ہو چکا ہے اور ان کی رہائی کے لئے کارروائی جاری ہے۔ آرین کو بھی اس کی اطلاع دے دی گئی ہے اور وہ کافی خوش نظر آ رہے ہیں۔ جیل افسران کا کہنا ہے کہ انہیں دیگر ضمانت کے احکامات بھی موصول ہوئے ہیں اور سبھی پر بیک وقت کارروائی کی جائے گی۔ افسران کے مطابق آرین خان کو صبح 10.30 سے 11.00 بجے کے درمیان رہا کیا جا سکتا ہے۔


دریں اثنا، آرین کو آرتھر روڈ جیل سے لینے کے لئے شاہ رخ خان کی رہائش ’منت‘ سے گاڑیوں کا قافلہ روانہ ہو چکا ہے۔ رپورٹ کے مطابق تین ایس یو وی گاڑیاں آرین کو لانے کے لئے روانہ ہوئی ہیں۔

گزشتہ روز ممبئی ہائی کورٹ کے جسٹس نتن تامبر نے ضمانت کی شرائط عائد کرنے کے احکامات جاری کیے جس کے تحت آرین خان کو ایک لاکھ روپیہ کی مچلکےے پر رہا کرنے کا حکم جاری کیا گیا۔ بالی ووڈ اداکارہ جوہی چاولا نے آج سیشن عدالت پہنچ کر آرین خان کی ایک لاکھ روپیہ کے مچلکے پر دستخط کئے اور اس کے بعد سیشن عدالت میں آرتھر روڈ جیل کو حکم جاری کیا ہے کہ ملزم کو رہا کیا جائے۔

جیل قانون کے مطابق اگر رہائی کا پروانہ شام ساڑھے پانچ بجے سے قبل جیل کے باہر نصب شدہ پیٹی میں جمع کیا جاتا ہے۔ غروب آفتاب کے بعد ملزمین کی رہائی عمل میں آ سکتی تھی لیکن چونکہ آرین کے عدالتی کاغذات کی تکمیل سیشن عدالت میں ہی ساڑھے پانچ بجے کے بعد عمل میں آئی، لہذا حکم نامہ کی نقول کو ساڑھے پانچ بجے سے قبل پیش نہیں کیا جا سکا، یہی وجہ ہے کہ آرین کو مزید ایک رات جیل میں گزارنی پڑی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔