برازیل کا عالمی کپ کا سفر ختم ، سیمی فائنل میں ارجنٹائن کا مقابلہ کروشیا سے

کواٹر فائنل میں نیمار  کا گول ان کے اپنے بین الاقوامی کیریئر کا 77 واں گول تھا۔ اس کے ساتھ انہوں نے لیجنڈری پیلے کے 77 بین الاقوامی گولز کی برابری کر لی۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

سید خرم رضا

ارجنٹائن اور لیونل میسی نےایک سنسنی خیز مقابلہ میں اپنے فیفا عالمی  کپ کے خواب کو زندہ رکھا اور دیر رات ہالینڈ کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں تین کے مقابلہ چار گولوں سے شکست دی اور سیمی فائنل میں اپنی جگہ محفوظ کی ۔ ارجنٹائن کا مقابلہ اب گزشتہ ایڈیشن کی رنر اپ کروشیا سے ہوگا جس نے کواٹر فائنل کے ایک اہم مقابلہ میں خطاب کی دعویدار برازیل کو پینالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دی اور اس کے ساتھ ہی برازیل کا  عالمی کپ کا سفر ختم  ہو گیا ۔

دو بار کی چیمین  ارجنٹائن نے  دوسرے ہاف میں  دو گولوں کی برتری حاصل کر لی تھی لیکن ہالینڈ کے متبادل کھلاڑی واؤٹ ویگھورسٹ ہالینڈ کے لیے دو دیر سے گول کر کے کھیل کو اضافی وقت  تک لے گئے ۔ ہالینڈ کا دوسرا گول 111ویں منٹ میں دیر سے ہوا۔ 30 منٹ کے اضافی وقت کے بعد بھی اسکور 2-2 سے برابر رہا، جس سے لوسیل اسٹیڈیم میں ڈرامائی پنالٹی شوٹ آؤٹ کی راہ ہموار ہوئی۔


ارجنٹائن کے کیپر ایمی مارٹینیز نے ہالینڈ  کی پہلی دو پنالٹی بچا کر ارجنٹائن کو شوٹ آؤٹ میں بھی 2-0 کی برتری دلائی۔ لیکن اینزو فرنینڈس، جو چوتھے پنالٹی لینے والے تھے، ارجنٹائن کے لیے اپنی پینالٹی کک کو گول میں تبدیل کرنے سے محروم ہو گئے جس کی وجہ سے ہالینڈ  کے لئے امید کی کرن پیدا ہو گئی لیکن  ارجنٹائن کی  ٹیم کے لیے لاؤٹارو مارٹینز نے فاتح گول کیا اور اس کے ساتھ ہی ارجنٹائن کی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔

پہلے کواٹر  فائنل مقابلہ میں کروشیا نے ایک دلچسپ میچ میں پانچ بار کے چیمپئن برازیل کو پنالٹی شوٹ آوٹ میں 2-4 سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ 2022 کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ۔


ایجوکیشن سٹی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں مقررہ وقت تک کوئی بھی ٹیم گول نہ کر سکی جس کے بعد میچ اضافی وقت میں چلا گیا۔ برازیل کے نیمار  نے اضافی وقت کے 105 ویں  منٹ میں پہلا گول کر کے برازیل کو برتری دلائی لیکن برونو پیٹکووچ نے 116ویں منٹ میں گیند کو نیٹ میں پہنچاکر کروشیا کو میچ میں واپسی دلائی۔

پنالٹی شوٹ آؤٹ میں کروشیا کی جانب سے نکولا ولاسک، لوورو میجر، لوکا موڈرچ اور مسلاو اورسک نے گول کیے جبکہ برازیل کی جانب سے صرف کیسمیرو اور پیڈرو نے گول کیا۔ کروشیا کے گول کیپر ڈومینک لیوکووچ نے شوٹ آؤٹ میں برازیل کی دو کوششوں کو ناکام کیا۔ برازیل کی چوتھی پنالٹی مارکینوس نے لی جن کا نشانہ چوکنے کی وجہ سے برازیل عالمی کپ سے باہر ہوگئی۔


پہلے کوارٹر فائنل میں کروشیا نے برازیل کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دے کر فیفا عالمی  کپ 2022 میں ایک بڑا اپ سیٹ کردیا۔ پنالٹی شوٹ آؤٹ میں اسکور لائن 2-4رہی۔ برازیل کے روڈریگو اور مارکونس نے پنالٹی مس کی۔ کروشیا نے شروع میں ہی چاروں پنالٹی گول میں تبدیل کیں۔ 90 منٹ تک اسکور لائن 0-0 رہی۔ اضافی وقت میں بھی دونوں ٹیموں نے ایک ایک گول کیا۔

90 منٹ تک کوئی گول نہ ہونے کے بعد میچ اضافی وقت میں چلا گیا۔ برازیل کے نیمار نے اضافی وقت میں گول کیا۔ یہ برازیل کے لیے نیمار کا اپنے بین الاقوامی کیریئر میں 77 واں گول تھا۔ اس کے ساتھ انہوں نے لیجنڈری پیلے کے 77 بین الاقوامی گولز کی برابری بھی کر لی ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔