میسی میسی سے گونج اٹھا قطر، ارجنٹائن فیفا عالمی کپ کے فائنل میں داخل
قطر میں جاری فیفا عالمی کپ کے پہلے مقابلہ میں ارجنٹائن کی ٹیم سعودی عرب سے پہلے ہی میچ میں ایک کے مقابلہ دو گولوں سے ہار گئی تھی۔
لیونل میسی نے یہ ثابت کر دیا کہ دنیا ان کی دیوانی کیوں ہے ۔ قطر کے لوسیل اسٹیڈئم میں کھیلے گئے سنسنی خیز سیمی فائنل میں میسی کی ٹیم نے کروشیا کو صفر کے مقابلہ تین گولوں سے روند دیا اور میسی نے عالمی کپ جیتنے کا اپنا خواب زندہ رکھا۔
میسی نے پنالٹی کے ذریعہ پہلا گول کیا اور دیگر گول کرنے والے جولین الواریز کے لیے ایک تیسرا گول پلیٹ میں سجا کر پیش کیا جس نے میسی کے میسی ہونے پر مہر لگا دی ۔ ارجنٹائن جو سال 2014 کے بعد پھر ایک بار فائنل میں پہنچی ہے اور اب وہ عالمی کپ کی ٹرافی سے محض ایک میچ کے فاصلہ پر ہے۔
34ویں منٹ میں میسی نے جس پینالٹی پر گول کیا وہ سوالوں کے دائرے میں تھی ۔ فٹبال شائقین کی ایک بڑی اکثریت ریفری کے اس فیصلے سے خوش نظر نہیں آئی کیونکہ کروشیائی گول کیپر کی جانب سے لاواریز کو روکنے کی کوشش نظر نہیں آ رہی بلکہ گیند کو روکنے کی کوشش نظر آ رہی ہے اور اس کوشش میں لاواریز گر جاتے ہیں۔ اس سارے معاملہ میں گول کیپر کی منشا بھی غلط نظر نہیں آ رہی کیونکہ اس کے پاس کوئی اور راستہ دکھائی نہیں دے رہا ۔ میسی نے اس پینالٹی کو انتہائی خوبصورت انداز میں گول میں تبدیل کر دیا ۔
اس پینالٹی کے پانچ منٹ بعد یعنی 39 ویں منٹ میں لاواریز کو ایک لمبی گیند ملی جس کو لے کر وہ اکیلا گول کی جانب بڑھا اور کروشیا کے آخری اسٹاپر کی کلیرنس کی ناکام کوشش کی وجہ سے لاواریز کو گول کرنے میں کامیابی ملی ۔ تیسرا گول جو ہاف ٹائم کے وقفہ کے بعد 69 ویں منٹ میں لاواریز نے کیا اس کو حقیقت میں میسی کا گول کہا جا سکتا ہے کیونکہ لاواریز نے صرف گیند گول میں ڈالی ہے لیکن اس کو بنانے کا کام میسی نے ہی کیا ہے۔ اپنے سے تقریبا آدھی عمر کے کروشیائی دفاعی کھلاڑی کو جس طرح گیند نہیں لینے دی اور چکما دے کر لاواریز کے لئے چھوٹی ڈی میں گیند بنائی وہ دیکھتے ہی بنتی تھی۔
کروشیا نے جم کر مقابلہ کیا لیکن وہ کسی بھی وقت ارجنٹائن پر حاوہ نظر نہیں آئے۔ ۳۷ سالہ موردچ نے اپنے آخری عالمی کپ مقابلہ میں بہترین کھیل کا مظاہر کیا لیکن ارجنٹائن کے سامنے وہ ناکافی ثابت ہوا۔ دفاع جس کے لئے ابھی تک کروشیا کی تعریف کی جاتی رہی ہے سیمی فائنل مقابلہ میں وہ کہیں نظر نہیں آئی اور کاؤنٹرس کے دو گولوں اور میسی کے پاس پر ہونے والے تیسرے گول میں کروشیا کا دفاع کہیں دکھائی نہیں دیا۔ واضح رہے قطر میں جاری فیفا عالمی کپ کے پہلے مقابلہ میں ارجنٹائن کی ٹیم سعودی عرب سے پہلے ہی میچ میں ایک کے مقابلہ دو گولوں سے ہار گئی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔