میوات کے عمران اور بصر الدین نیشنل ٹیچر ایوارڈ سے سرفراز

ملک بھر کے پسماندہ ترین اضلاع میں سرفہرست آنے والے میوات کے دو اساتذہ کو قومی اوارڈ سے سرفراز کئے جانے سے علاقہ کے زیر تعلیم طلبہ و طالبات کے حوصلوں کو پرواز ملنے کی امید ہے۔

تصویر قومی آواز
تصویر قومی آواز
user

محمد صابر قاسمی میواتی

صدر جمہوریہ ہند کے ذریعے 5 ستمبر یوم اساتذہ کے موقع پر ملک بھر سے تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 45 اساتذہ کو نیشنل ٹیچر ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا ہے جن میں سے دو کا تعلق ہریانہ اور راجستھان کے خطہ میوات سے ہے۔ جیسے یہ خبر منظر عام پر آئی میوات ہی نہیں بلکہ ملک و بیرون ملک میں بسنے والی میو برادری اور مسلمانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔ دونوں میواتی اساتذہ کو سیاسی ، سماجی و ملی حلقوں سے وابستہ افراد کی جانب سے مبارکباد دینے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

ضلع نوح کے پونہانہ قصبہ کے تحت آنے والے گاؤں سرولی کے رہائشی ماسٹر بصروالدین نے 16 دسمبر 1993 سے پونہانہ قصبہ کے گاؤں جھارپڑی کے مڈل اسکول سے بطور سائنس استاذ تعلیم کے میدان میں قدم رکھا۔ اس کے بعد 1995سے 2013 تک ان ہوں نے سرولی گاؤں کے اسکول میں بطور سائنس ٹیچر کام کیا۔

اپنی محنت و لگن اور جوش وجنوں کے جذبے سے کام کرتے ہوئے اس میدان میں نمایاں کام کیا جس کے نتیجہ میں یہاں زیر تعلیم طلبہ و طالبات بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے لگے۔ اپنے دور میں اسکول کو سینئر سیکنڈری کا درجہ دلانے اور اسے ضلع کے بہتر نتائج دینے والے اسکولوں میں پہلے پائیدان پر لانے میں بصرالدین نے اہم کردار ادا کیا۔

ہریانہ کا نوح (میوات) ضلع تعلیمی پسماندگی کے لئے جانا جاتا ہے اور یہاں پرائمری تک کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد اسکول چھوڑ دینا عام بات ہے۔ ماسٹر بصروالدین نے تعلیمی پسماندگی کو دور کرنے کی مہم چلائی اور میوات نوح میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات کے ڈراپ آوٹ کو روکنے، تعلیم نسواں کو فروغ دینے اور تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے کافی کام کیا۔ ان کی انہیں کارکردگی پر بصرالدین کو اوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

نیشنل ٹیچر ایوارڈ یافتگان میں شامل ماسٹر بصرالدین و ماسٹر عمران خان میواتی الوری پہلے ایسے میواتی میو مسلم اساتذہ ہیں جنہوں نے یہ کامیابی حاصل کی ہے۔

دونوں میواتی اساتذہ نے ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد قومی آواز کے توسط سے جاری پیغام میں اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا، ’’ ایک ٹیچر کے لیے اس سے بڑی بات کیا ہوسکتی ہے کہ ملک کا وزیر اعظم اس سے ملاقات کرے اور صدرِ جمہوریہ اپنے ہاتھوں سے ایوارڈ فراہم کریں۔

عمران خان الور میوات نے کہ، ’’وزیر اعظم نے اپنے انگلینڈ دورے پر میرے ذریعے تیار کردہ تعلیمی ایپوں کا ذکر کیا تھا اور مجھے سراہا تھا۔ جس کے لیے میں شکر گزار ہوں۔‘‘

واضح رہے ، ماسٹر عمران خان الور میوات نے تین سال قبل 52 تعلیمی موبائل ایپ (ایپلی کیشنز) ایجاد کر کے انہیں طلبا کے لئے مفت میں مہیا کرا دیا تھا۔ وزیر اعظم نے 2015 میں اپنے انگلینڈ دورے کے وقت عمران خان کی تعریف کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ عمران خان الور جیسوں کے دل میں میرا ہندوستان بستا ہے، جنہوں نے 52 تعلیمی ایپ نہ صرف ایجاد کی بلکہ انہیں ملک و قوم کے نام عام لوگوں کے فائدہ حاصل کرنے کے لیے وقف کر دیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 06 Sep 2018, 10:47 AM