سی بی ایس ایس کے یکم تا 15 جولائی کے امتحانات منسوخ، کل پھر ہوگی سماعت
جسٹس اے ایم خانویلکر، جسٹس دنیش مہیشوری اور جسٹس سنجیو کھنہ پر مشتمل ڈویژن بنچ نے کہا کہ کل صبح ساڑھے دس بجے حتمی سماعت سے قبل حکومت ترمیمی مسودہ نوٹیفکیشن پیش کرے گی۔
نئی دہلی: ملک بھر میں سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن(سی بی ایس ای) کے کلاس 12 کے باقی ماندہ امتحانات کی منسوخی کے لئے جمعرات کو کوئی فیصلہ نہیں کیا جاسکا اور سپریم کورٹ نے اس معاملے کی سماعت کل صبح ساڑھے دس بجے تک ملتوی کرتے ہوئے حکومت سے متبادل امتحانات اور امتحانات کے نتائج سے متعلق مختلف پہلوؤں پر واضح موقف کے ساتھ پیش ہونے کو کہا۔ جسٹس اے ایم خانویلکر، جسٹس دنیش مہیشوری اور جسٹس سنجیو کھنہ پر مشتمل ڈویژن بنچ نے کہا کہ کل صبح ساڑھے دس بجے حتمی سماعت سے قبل حکومت ترمیمی مسودہ نوٹیفکیشن پیش کرے گی۔
مرکزی حکومت کی جانب سے سالیسٹر جنرل تشارمہتا نے عدالت کو بتایا کہ شمال مشرقی دہلی میں پرتشدد فساد کی وجہ سے منسوخ ہونے والے 10 ویں کے امتحانات اور کورونا انفیکشن کی وجہ سے منسوخ ہونے والے 12 ویں کے امتحانات یکم جولائی سے 15 جولائی تک ہونے تھے، لیکن حکومت نے اس پروگرام کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، کیونکہ امتحان کے لئے اسکول خالی نہیں ہیں اور کورونا وائرس کی وبائی صورتحال بھی خوفناک ہے۔
تشارمہتا نے کہا کہ دسویں جماعت کے طلبہ کے امتحانات کا نتیجہ داخلی تجزیے کی بنیاد پر دیا جائے گا، جبکہ بارہویں جماعت کے طلبہ کے لئے متبادل امتحان کا انتظام کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ جو طلبہ امتحان دینا چاہتے ہیں ان کے لئے امتحان بعد میں ہوگا، مگر اس موقع پر عدالت نے حکومت سے بہت سارے سوالات پوچھے، مثال کے طور پر،امتحان کے نتائج کی تاریخ کیا ہوگی اور نیا تعلیمی سیشن کیسے طے ہوگا؟
حکومت کے جواب کو غیر اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے عدالت نے کہا کہ وہ کل صبح اس سلسلے میں کوئی حتمی حکم جاری کرے گی، لیکن اس سے قبل حکومت کو ان تمام نکات پر وضاحت کے ساتھ ایک ترمیم شدہ مسودہ نوٹیفکیشن پیش کرنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : دہلی کے 3000 ہوٹلوں میں اب چینی شہری نہیں رکھ پائیں گے قدم !
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔