اسکول کی تعلیم میں ہی طلبا کے مستقبل کا راز مضمر ہے: پروفیسر نجمہ اختر
جامعہ ملیہ اسلامیہ کی وائس چانسلر پروفیسر نجمہ اختر نے کہا ہے کہ ملک کی تعلیمی ترقی میں اسکول سنگ بنیاد ہے اور طلبا کی تربیت اسکولوں سے ہوتی ہے
نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ کی وائس چانسلر اور دہلی ایجوکیشن سوسائٹی کی صدر پروفیسر نجمہ اختر نے کہا ہے کہ ملک کی تعلیمی ترقی میں اسکول سنگ بنیاد ہے، طلبا کی تربیت اسکولوں سے ہوتی ہے لہذا اسکولوں میں بہتر سہولیات کی دستیابی نہایت ہی اہم ہے، کیوں کہ اسکول کی تعلیم میں ہی طلبا کے مستقبل کا راز مضمر ہے، یہ باتیں
دہلی ایجوکیشن سوسائٹی کی جانب سے پروفیسر نجمہ اختر کو یہاں استقبالیہ دیا گیا، پروفیسر نجمہ اختر دہلی ایجوکیشن سوسائٹی کی صدر ہیں لہذا سوسائٹی کی جانب سے اینگلوعربک ماڈل اسکول کے احاطے میں استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔استقبالیہ تقریب میں وائس چانسلر جامعہ ملیہ اسلامیہ پروفیسر نجمہ اختر نے کہا کہ تعلیم کو ترقی دینے کی ہر ممکن کوشش جاری رہے گی اس کے لئے ہر طرح کاتعاون بھی رہے گا، واضح رہے کہ دہلی ایجوکیشن سوسائٹی کے تحت تین اسکول اینگلو عربک سینئر سیکنڈری اسکول، شفیق میموریل سینئر سیکنڈری اسکول ،اور اینگلو عربک ماڈل اسکول چل رہے ہیں،اور سوسائٹی کا صدر جامعہ ملیہ اسلامیہ کے صدر ہوتے ہیں ۔اس حوالے سے سوسائٹی کی صدر اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کی وائس چانسلرپروفیسر نجمہ اختر نے کہا کہ تمام اسکولوں کی ترقی طلبا کی کامیابی پر منحصر ہے ۔انہوں نے سوسائٹی کے تحت چل رہے اسکولوںکی ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی حالانکہ انہوں نے کئی اہم تجاویز بھی ارکان سوسائٹی کے سامنے پیش کیں جو کہ قابل توجہ رہیں اور ارکان کی رضامندی بھی شامل رہیں، وائس چانسلر نے کہا کہ اس کے لئے حکومتی سطح پر چلائی جارہی اسکیموں سے فائدہ اٹھایا جانا چاہئے ،اور اگر ضرورت پڑی تو سرکاری سطح پر ملاقات بھی کی جائے گی تاکہ اسکولوں کے لئے چلائی جارہی اسکیموں سے فائدہ حاصل کیا جاسکے
اس موقع پر دہلی ایجوکیشن سوسائٹی کے سکریٹری اورجامعہ ملیہ اسلامیہ کے سنٹر فار ڈسٹنس اینڈ اوپن لرننگ کے ڈائریکٹر (اکیڈمک ) پروفیسر احرار حسین نے مومنٹو پیش کرکے وائس چانسلر جامعہ ملیہ اسلامیہ نجمہ اختر کا استقبال کیا ،انہوں نے کہا کہ سوسائٹی کی صدر کا پہلی بار سوسائٹی دفتر اور اسکول میں آمد ہمارے لئے باعث افتخار ہے،پروفیسر احرار حسین نے کہا کہ پروفسیر نجمہ اختر کی مدد سے تمام طرح کی سہولیات کی دستیابی کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی انہوں نے کہا کہ سوسائٹی اپنے لائحہ عمل اور تعلیم کو عام کرنے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے اور گذشتہ مہینوں میں اس پر عمل آوری بھی ہوئی اسی کا نتیجہ ہے آج عمارت کی تجدید کاری و تزئین کاری کا افتتاح وائس چانسلر کے ہاتھوں عمل میں آیا ۔
اس موقع پر سوسائٹی کے نائب صدر اور انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر کے صدر سراج الدین قریشی نے کہا کہ سوسائٹی کے تحت چل رہے اسکولوں کو بہتر کرنے کی جانب توجہ مبذول کی جارہی ہے ،گذشتہ سالوں میں بھی ترقیاتی کام ہوئے ہیں تاہم اب اس جانب مزید توجہ کی ضرورت ہے اور اسکولوں کو مزید بہتربنانے اور سہولیات کی دستیابی کی جانب کوشش جاری رہے گی۔
اس موقع پر نائب صدرسوسائٹی میم افضل ،خزانچی ڈاکٹر ماجد احمد ٹالی کوٹی ،جوائنٹ سکریٹری محمد جاوید اور ذوالفقار قریشی ،ممبر سوسائٹی حافظ مطلوب کریم اور محمد ادریس ،وائس پرنسپل اینگلو عربک ماڈل اسکول فرح ساجد ،سنٹر فار ڈسٹس اینڈ اوپن لرننگ ،جامعہ ملیہ اسلامیہ کے میڈیا کمیٹی کے کنوینر و اسسٹنٹ ڈائریکٹر /اکیڈمک کو آرڈینیر محمد احتشام الحسن و دیگر نے شرکت کی ۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔