پہلی بار سی بی ایس ای امتحانات کی ’لائیو ویب کاسٹنگ‘ کئے جانے کی تیاری

مرکزی بورڈ برائے ثانوی تعلیم (سی بی ایس ای) کی دسویں اور بارہویں کے امتحانات کی اس مرتبہ لائیو ویب کاسٹنگ کی جائے گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: مرکزی بورڈ برائے ثانوی تعلیم (سی بی ایس ای) کی دسویں اور بارہویں کے امتحانات کی اس مرتبہ لائیو ویب کاسٹنگ کی جائے گی۔ طلبہ کو ایپ کے ذریعے امتحان کے مراکز کا پتہ فراہم کیا جا سکے گا۔ گذشتہ برس کے مقابلے اس مرتبہ امتحان کے نتائج کا اعلان ایک ہفتہ پہلے کر دیا جائے گا۔

اتنا ہی نہیں امتحان کی خفیہ مواد کی جیو ٹیگ کے ذریعہ نگرانی بھی ہوگی اور اس کاپتہ بھی لگایا جائے گا۔ سی بی ایس ای نے اس مرتبہ دسویں اور بارہویں کے امتحانات کو چست درست بنانے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں اور امتحان کے پورے عمل کو مزید شفاف بنایا ہے۔

بورڈ کے سکریٹری انوراگ ترپاٹھی نے بدھ کو یہاں صحافیوں کو بتایا کہ کوئی بھی طالب علم تحریری امتحان کے لیے کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ کا استعمال کر سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پیپر لیک پر قدغن لگانے کے لیے سوالناموں کی حفاظت کی پوری ذمہ داری امتحان مراکز کے سپرنٹنڈنٹ کی ہوگی۔ تمام امتحان مراکز کے لیے سپرنٹنڈنٹ اور نائب سپرنٹنڈنٹ کی تقرری کرنا لازم کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سی بی ایس ای کے تمام 21 ہزار 400 اسکولوں کو امتحان کے لیے نئے اقدامات کی معلومات ویب کاسٹنگ کے ذریعہ دی جائے گی۔ امیدوار طالب علم کو 10 بجے کے بعد امتحان مراکز میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سوشل میڈیا پر امتحان کے سلسلے میں گمراہ کن خبریں دینا یا افواہ پھیلانا غیر اخلاقی جرم تسلیم کیا جائے گا۔

اس مرتبہ چار ہزار 794 امتحان مراکز ہوں گے اور مجموعی طور پر تین کروڑ 11 لاکھ چار ہزار 831 طلبہ امتحان دیں گے جن میں 28 خواجہ سرا ہوں گے۔ ایک کروڑ 81 لاکھ نو ہزار 77 طلبا امتحان میں شامل ہوں گے۔ ملک میں سی بی ایس ای کے 21،400 اور بیرون ممالک 225 اسکول ہیں۔ مجموعی طور پر 4974 امتحان مراکز میں سے 78 امتحان مراکز 17 بیرون ممالک میں ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔